ورلڈ اسکواش فیڈریشن کاطاہر خانزادہ کوآئندہ تین سالوں کے لیے دوبارہ ڈبلیو ایس ایف ریفری مقرر کرنا خوش آئند ہے ،ڈسٹرکٹ اسکواش ایسوسی ایشن

ہفتہ 21 مئی 2016 19:42

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء)ڈسٹرکٹ اسکوائش ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے طاہر جمیل خانزادہ کو ورلڈ اسکوائش فیڈریشن کی جانب سے آئندہ تین سالوں کے لیے دوبارہ ڈبلیو ایس ایف ریفری مقرر کرنے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا کہ طاہر جمیل خانزادہ ورلڈ اسکوائش فیڈریشن کے مجموعی طور پر انیس میں شامل دو پاکستانی ریفریز میں سے ایک ہیں، جبکہ دوسرے جمشید گل خان کا تعلق پشاور سے ہے۔

ان خیالات کا اظہار طاہر جمیل خانزادہ کے اعزاز میں منعقدہ ڈی ایس اے حیدرآباد کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں طاہر جمیل خانزادہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے بتایا گیا کہ طاہر جمیل خانزادہ، ورلڈ اسکوائش فیڈریشن کے زیر اہتمام دوہزار دس اور دوہزار چودہ میں دہلی اور گلاسگو میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز، گوانزوا اور انچیون میں منعقدہ ایشین گیمز، دوہزار چار، دس اور سولہ میں باالترتیب اسلام آباد، ڈھاکہ اور گواہٹی میں کھیلی گئی ساوتھ ایشئین گیمز سمیت دوہزار نو اور تیرا میں ہانگ کانگ اور چین میں ہونے والی ایسٹ ایشین گیمز اور دوہزار تیرا میں چین میں ہی کھیلی گئی ایشین یوتھ گیمز میں آفیشل رہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ طاہر خانزادہ نے ورلڈ مینز اینڈ ویمنز، ورلڈ جونیئر مینز اور ویمنز سمیت ڈبلیو ایس ایف اور دیگر پروفیشنل ایسوسی ایشنز کے مقابلوں میں بھی آفیشل کی ذمہداریاں نبھائی جس کے دوران وہ ہانگ کانگ اوپن، ملائیشیا اوپن، سینگاپور اوپن، کویت اوپن، قطر کلاسک، لندن میں سپر سیریز فائینل اور یو ایس اوپن میں بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

شرکاء نے مزید بتایا کہ بارہ ماہ کے دوران چار بڑے مقابلوں میں طاہر جمیل خانزادہ نے ریفری کے بہترین فرائض انجام دیکر اپنا سکہ منوایا، جس کے بعد ڈبلیو ایس ایف اور اے ایس ایف کی جانب سے انہیں دوہزار چودہ میں دوبارہ چار بڑے ایونٹس میں آفیشل کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ عمومی طور پر ایک ریفری کو سال میں دو سے تین ایونٹ دیئے جاتے ہیں لیکن طاہر جمیل خانزادہ کا ایک سال میں چار چار ایونٹ کے لیے ریفری مقرر ہونا ایک بڑا اعزاز ہے۔

اس موقع پر ورلڈ اسکوائش فیڈریشن کے ریفری طاہر جمیل خانزادہ نے بین الاقوامی اسکوائش میں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ڈبلیو ایس ایف، پی ایس ایف، اے ایس ایف اور پی ایس ایف سے اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے دنیا بھرمیں اپنے ساتھی ریفریز کا بھی تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے طاہر خانزادہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستانیوں باالخصوص سندھ اور حیدرآباد کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز ہے۔ شرکاء نے کہا کہ طاہر جمیل خانزادہ کی خدمات کو ملکی سطح پر سراہا جانا چاہیے انھوں نے گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ طاہر خانزادہ کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیئے جانے کی سفارش کریں۔