معمر کرکٹر نے اپنے کیریئر میں 7000شکار مکمل کرکے نئی تاریخ رقم کردی

ہفتہ 21 مئی 2016 13:00

اولڈھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 مئی۔2016ء) ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے معمر کرکٹر سیسل رائٹ نے اپنے کیریئر کی 7000وکٹیں مکمل کرلی ہیں۔79سالہ فاسٹ باوٴلر سیسل رائٹ گزشتہ 65سالوں سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور گزشتہ ہفتے ہیں انہوں نے اپنے کلب کے لیے ایک میچ میں 6شکار کیے ہیں۔سیسل 1959ء میں جمیکا سے لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے مانچسٹر منتقل ہوئے تھے اور 3سیزن کھیلنے کے بعد انہوں نے برطانیہ میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا جہاں لنکاشائر لیگ کے لیے انہوں نے 27بالز فی وکٹ کے سٹرائیک ریٹ سے 538شکار کیے اور اب بھی وہ وہاں کے بلے بازوں کے لیے ڈراوٴنا خواب بنے ہوئے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ گزشتہ 4میچز میں 15شکار کرچکے ہیں ،وہ اس سیزن میں تقریبا 40کے قریب میچز کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

سیسل اپنی جوانی میں عظیم ویسٹ انڈین کھلاڑیوں سر ووین رچرڈز ، سر گیری سوبرز اور جوئیل گارنر کے ساتھ ساتھ سابق برطانوی بلے باز ڈینس کامپٹن کے ہمراہ کھیل چکے ہیں۔اپنے بیٹے اور اسکے دو بچوں کے ساتھ اولڈھم کے قریب رائٹن میں رہائش پذیر سیسل کا کہنا تھا کہ وہ 50کی دہائی سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ابھی ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اپنے فٹنس کے راز کے بارے میں سوال پر سیسل کا کہنا تھا کہ وہ ٹی وی کے سامنے بیٹھنے پر میدان میں جاکر واک کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ شراب کو کبھی کبھی ہی ہاتھ لگاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :