دینی تعلیمات سے د وری مسائل کی بنیادی وجہ ہے ،ڈاکٹر راغب نعیمی

شب برأت رحمتوں اور فضیلتوں والی رات ہے،ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں،ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

جمعہ 20 مئی 2016 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مئی۔2016ء ) معروف دینی اسکالروناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ دینی تعلیمات سے د وری مسائل کی بنیادی وجہ ہے۔شب برأت رحمتوں، برکتوں اور فضیلتوں والی رات ہے۔اس رات کوملک وقوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں۔آتش بازی کرنیوالے اس مبارک رات کے تقدس کوپامال کرتے ہیں۔

انتظامیہ آتش بازوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ شب برأت کی مقدس ساعتوں میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرتے ہوئے اپنے رب کو راضی کر کے نجات، فلاح اور خیرو برکت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ غفور الرحیم ہے وہ اپنے بندے کی تمام کوتاہیوں اور گناہوں کو اس شب کی فضیلتوں سے معاف فرما دیتا ہے۔

(جاری ہے)

فضیلتوں اور برکتوں سے مزین شب کو ہر انسان کو صدق دل سے اپنے گناہوں، کوتاہیوں اور غفلتوں کی گڑگڑا کر معافی مانگنا چاہیے۔’’شب ‘‘فارسی زبان کا لفظ ہے جس کی معنی ’’ رات ‘‘ کے ہیں ،اور’’ برأت‘‘ عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’’بری‘‘ ہونے اور نجات پانے کے ہیں ، چونکہ اس رات میں رحمت خداوندی کے طفیل لاتعداد انسان دوزخ سے نجات پاتے ہیں اس لیے اس کو شب برأت کہا جاتا ہے ۔

مسلمانوں کوچاہیے کہ اس رات میں اپنے گناہوں پر بھی توبہ کریں ۔شب برأت کے عبادت گزاروں اور تو بہ کرنے والوں کو چاہیے کہ اس رات بار بار اﷲ تعالیٰ سے تو بہ کرتے رہیں اور اپنے گناہوں پر معافی چاہتے رہیں ، اشکِ ندامت بہاتے رہیں ، یہ وہی رات ہے جس میں رسول اﷲ ﷺ ساری رات سجدہ میں گزارتے تھے ۔ہمیں سنت نبوی پر عمل کرتے ہوئے اس رات کوزیادہ سے زیادہ عبادت اوراپنے گناہوں کی بخشش اورملک وقوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگنی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :