وفاقی اور پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے 215 ارب روپے بچائے ہیں ‘شہبا زشریف

2018ء الیکشن میں خدمت، امانت اور دیانت کی سیاست کامیاب ہوگی،ترقی کے دشمن پھر ناکام رہیں گے وزیراعلیٰ کی پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر اپنے چیمبر میں اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 20 مئی 2016 22:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر مضبوط اور توانا بنانا ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے تیزرفتار سفر کا آغاز ہو چکا ہے، فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار ہمارا طرہ امتیاز ہے، عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبو ں کے مخالفین پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں نہ عوام کی خوشحالی، باشعور عوام ایسے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں، پاکستان کے باشعور عوام جان چکے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے اور کون انتشار پھیلانے کی کوشش ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر اپنے چیمبر میں اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے 215 ارب روپے بچائے ہیں جو کہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔پاکستان کی تاریخ میں آج تک کسی دور میں 215 پیسے کی بھی بچت نہیں کی گئی۔

اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیاد ت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہفلاح عامہ کے منصوبوں کے مخالفین منفی سیاست کرتے رہیں، ہم عوامی خدمت کا مشن پورا کریں گے۔ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام خدمت، امانت اور دیانت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے۔ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام کے غیض غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زوردیا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ملاقات کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے ملاقات کرنے والے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی،اراکین پنجاب اسمبلی میں مہرخالدمحمود سرگانہ،رانا محمد اقبال،غلام دستگیرلک،محمد آصف باجوہ،محسن اشرف،محمودالحسن چیمہ،ڈاکٹر نادیہ عزیز،ثمینہ نور کھرل اورعفت معراج اعوان شامل تھیں ۔