موجودہ استحصالی نظام ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ‘سراج الحق

ملک میں شریعت کا نظام ہوتا تو کسی کو عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے کی جرأت نہ ہوتی ملک میں کرپشن ،بدعنوانی اور بے حیائی جیسی بیماریوں کے اصل ذمہ دار حکمران ہیں ‘امیر جماعت اسلامی

جمعہ 20 مئی 2016 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ استحصالی نظام ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،اقتدار پر قابض ٹولہ 69سال سے قومی امانتوں کو لوٹ رہا ہے ،ملک میں شریعت کا نظام ہوتا تو کسی کو عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے کی جرأت نہ ہوتی ،ملک میں کرپشن ،بدعنوانی اور بے حیائی جیسی بیماریوں کے اصل ذمہ دار حکمران ہیں ،کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کا فیصلہ عوام کو کرپٹ اشرافیہ کے نرغے سے نکالنے کیلئے کیا ہے ،عوام کو ان چوروں اور لٹیروں کے خلاف میدان میں آنا ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے دولت کو ہی اپنا سب کچھ قرار دے رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک طرف غربت اور جہالت نے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی اور علم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کررکھا ہے اور دوسری طرف حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہاتوں میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے مگر بجلی کے بل اسی طرح بے تحاشا وصول کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خو دغرض اور دولت کے پجاری حکمرانوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔کسان مزدور ،طلباء ،اساتذہ ،ڈاکٹرز تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شدید گرمی میں حکومت کے خلاف سڑکوں پر سراپااحتجاج ہیں مگر حکمران جھوٹے وعدوں اور بلند و بانگ دعوؤں سے عوام کو فریب دینے میں لگے ہوئے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے بننے والا کمیشن صرف وزیر اعظم کا نہیں بلکہ ہر لٹیرے کا احتساب کرے گااور جس نے بھی قومی خزانے کو لوٹا ہے اسے ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے اندر کڑے احتساب کانظام بنا نا پڑے گا تاکہ کرپٹ عناصر ان کی صفوں میں پناہ نہ لے سکیں،سیاسی جماعتیں اپنے ہر ممبر اور نمائندے کے افعال کی جواب دہ ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے حوالے سے مکمل طور پر یکسو ہیں اب عوام کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ احتساب کے اس سلسلہ میں کوئی خلل ڈال سکے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنی صفوں میں اتحاد کو قائم رکھنا اور سب کو مل کر چلناہوگاتاکہ حکومت ان کی کسی کمزوری سے فائدہ نہ اٹھا سکے ۔

متعلقہ عنوان :