بد عنوانی کے ناسور نے ریاست کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں، یونس خان بونیری

اختیارات کے غلط استعمال سے ناجائز ذرائع کے ذریعے لوٹ مار کے ساتھ ساتھ بینکوں سے بھاری قرضے معاف کروائے

جمعہ 20 مئی 2016 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا ہے کہ بد عنوانی کے ناسور نے ریاست کی جڑیں کھوکھلی کردیں ہیں آمرانہ ذہنیت نے ملک کے قیام سے ہی حقیقی سیاسی قیادت کو دیوار سے لگا کر سیاست کو کاروبار بنایا اور اختیارات کے غلط استعمال سے ناجائز ذرائع کے ذریعے لوٹ مار کے ساتھ ساتھ بینکوں سے بھاری قرضے معاف کروائے عوامی نیشنل پارٹی ریاستی معاملات کو عوامی نمائندوں کے ذریعے چلانے کی حامی ہے آف شور کمپنیوں ،بیرون ملک سرمایہ کاری ،ناجائز دولت اور آمرانہ ادوار میں بیرونی امداد کے اربوں ڈالر ہڑپ کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جانی چاہیے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں مختلف پارٹی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مذید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نام نہاد افغان جہاد کے نام پر آنے والی بیرونی امداد کو سیاست دانوں کے خلاف استعمال کر تے ہوئے قوم کو بھی تقسیم کرکے قومی جرم کا ارتکاب کیا گیا،پانامہ لیکس اور احتساب کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے ،اے این پی سمجھتی ہے آذاد اور خودمختار کمیشن کے ذریعے احتساب بلا تفریق کیا جانا چاہیے ،پارٹی کے اسلاف باچا خان اور خان عبدالولی خان بھی علاقائی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور اندرونی خلفشار کے خاتمے کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں،اب ابھی وقت ہے عوامی نیشنل پارٹی کی قومی پالیسی پر توجہ دی جائے ،خدا نخواستہ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر معاملات ہاتھ سے نکل جائیں،دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئر مین الطاف خان ایڈووکیٹ نے ضلع غربی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے شیڈیول کا اعلان کردیا ہے ضلعی صدر ،جنرل سیکریٹری سمیت دیگر عہدوں کے خواہش مند امیدوار باچا خان مرکز سے 22 مئی سے لیکر 25 مئی تک غزات نامزدگی کی درخواستیں وصول و جمع کرواسکیں گے ،27 مئی سے لیکر 2 جون تک کاغزات نامزدگی واپس لی جاسکے گی، 5 جون کو ضلع غربی کے تنظیمی الیکشن کا انعقاد باچا خان مرکز میں ہوگا،الطاف خان ایڈووکیٹ نے تمام یوسیوں کی تنظیموں کو کوائف رجسٹر باچا خان مرکز میں صوبائی جنرل سیکریٹری کے پاس جمع کروانے کی ہدایت کی ہیں، مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد رجسٹر جمع نا کروانے والی یوسی تنظیم انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کی مجاز نہیں ہوگی،اعلامیہ میں مذید کہا گیا ہے کہ پارٹی کے صوبائی دفتر باچا خان مرکز پر پارٹی کے صوبائی کابینہ ،سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین اور ضلعی صدور و جنرل سیکریٹریز کی آفس ڈیوٹیوں کی نئی فہرست بھی مرتب کی گئی جسے مردان ہاؤس اور باچا خان مرکز کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کردیا گیا ہے ،تمام پارٹی کارکنان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ تنظیمی امور سمیت دیگر معاملات کے لیے باچا خان مرکز میں تنظیمی ذمہ داروں سے رابطہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :