ایڈمنسٹریٹر کراچی کی شب برأت کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لئے سٹی وارڈنز کو تعینات کرنے کی ہدایت

جمعہ 20 مئی 2016 21:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے شب برأت کے موقع پر قبرستانوں میں عزیز اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے آنے والے شہریوں کو سہولتیں مہیا کرنے کی غرض سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 48 قبرستانوں میں صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ میڈیکل کیمپ لگانے اور شہریو ں کی رہنمائی اور گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے سٹی وارڈنز کو تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شب برأت پر قبرستانوں کو جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہو ں نے شہریوں سے اپیل کہ کے ایم سی زیر انتظام قبرستانوں میں تدفین کے سرکاری نرخوں سے زائد رقم وصول کرنے والے گورکن اور دیگر عملے کے خلاف شکایت درج کرائیں تاکہ ایسے عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے کیونکہ گورکن یا دیگر عملے کو مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کرنے کا کوئی حق نہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے انچارج قبرستان اقبال پرویز کو ہدایت کی کہ شب برأت کے موقع پر قبرستانوں میں فاتحہ خوانی کیلئے آنے والے زائرین کے لئے روشنی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ راستے بھی صاف کئے جائیں تاکہ زائرین کو اپنے عزیز و اقارب کی قبروں تک پہنچنے میں آسانی ہو، ضلعی میونسپل کارپوریشنز بھی اپنی اپنی حدود میں موجود قبرستانوں کی صفائی اور روشنی کے انتظاما ت کو یقینی بنائیں اس حوالے سے اگر انہیں ضروری مشینری یا افرادی قوت کی ضرورت ہو تو بلدیہ عظمیٰ کراچی ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد نے کہا کہ ہمیں اپنی جانب سے کئے جانے والے کاموں پر مطمئن نہیں ہوناچاہئے بلکہ مزید بہتر سے بہتر کام کرنے پر توجہ دینی چاہئے کیونکہ ہر کام میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ باقی رہتی ہے، ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ اس بار ہم سب اپنی مشترکہ کوششوں کی بدولت شب برأت پر قبرستانوں میں آنے والے زائرین کو تمام ترسہولیات فراہم کریں اور اس طرح کام کریں کہ یہاں آنے والوں کو گزشتہ سالوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر سہولتوں کی فراہمی نظر آئے، انہوں نے ضلعی میونسپل کارپوریشنز اور واٹر بورڈ سے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں واقع قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور دیگر کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیں اور قبرستانوں کے اطراف اور مساجد کے راستوں پر بھی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، سیوریج یا پانی کی وہ لائنیں جو بند ہیں انہیں فوری درست کردیا جائے اور قبرستان جانے والے اہم مقامات پر پینے کے پانی کا بھی بندوبست کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :