لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی،گورنر سندھ

تکمیل سے شہریوں کو ماڑی پور روڈ سے سہراب گوٹھ تک بلا رکاوٹ سفر کی سہولت میسر آئے گی،ڈاکٹرعشرت العباد خان

جمعہ 20 مئی 2016 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کی تعمیر میں پہلے ہی شیڈول سے کہیں زیادہ دیر ہوچکی ہے، اس کی تکمیل سے شہریوں کو ماڑی پور روڈ سے سہراب گوٹھ تک بلا رکاوٹ سفر کی سہولت میسر آئے گی جوکہ اس وقت سہراب گوٹھ سے ماڑی پور تک جانے والوں کو حاصل ہے لیاری ایکسپریس وے شہر کی شاہراہوں سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور وقت اور ایندھن کی بچت کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے شمالی روٹ کی تعمیر کے کام کے جائزہ اجلاس سے گورنرہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ محمد حسین سید، سیکریٹری بلدیات نور محمد لغاری، کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ، سیکریٹری گورنر سندھ محمد اختر غوری ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیع الدین صدیقی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ اس منصوبے کے آغاز کیلئے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ اس کی راہ میں سینکڑوں مکانات تھے، مساجد، قبرستان، چرچ ، مندر اور گوردوارہ بھی تھے ، بدقسمتی سے شمالی سمت کے ٹریک کی تعمیر کا کام رائٹ آف وے نہ ہونے کے باعث کئی سال تک رکا رہا لیکن اب جبکہ اس کے باقی 5.233 کلومیٹر پر کام کا آغاز ہوچکا ہے امید ہے کہ اسے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا کیونکہ اب صرف 1.456 کلومیٹر کے رائٹ آف وے کا معاملہ باقی رہ گیا ہے جوکہ جلد ہی حل ہوجائے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں اس کے تعمیر شدہ حصہ پر ٹریفک کو چلایا جائے تاکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر سے ٹریفک کا دباؤ کم کیا جاسکے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ اس کے شمالی ٹریک کو اگلے سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ بعض متنازعہ معاملات کا فیصلہ عدالت سے 25 مئی کو متوقع ہے جس کے بعد رائٹ آف وے کے حصول کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ تمام ضروری مشینری سائٹ پر پہنچا دی گئی ہے اس موقع پر ضلع غربی کے ڈپٹی کمشنر اور وسطی کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے گورنر سندھ کو اپنی حدود میں واقع لیاری ایکسپریس وے کے رائٹ آف وے کے حصول اور تعمیر کی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے دونوں ٹریکس اور ریمپس کی کل لمبائی 38.67 کلومیٹر ہے جبکہ مجموعی طور پر اس منصوبہ کا 81.48 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :