چور چور کا احتساب نہیں کر سکتا،صرف جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر سکتی ہے،سردارظفرحسین

جمعہ 20 مئی 2016 20:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردارظفرحسین خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن بلدیاتی اداروں سے لے کر سینٹ کے ممبر رہے ہیں مگر کسی پر کرپشن کا الزام نہیں لگ سکا، مسلم لیگ،پی پی پی اور پی ٹی آئی کے راہنماؤں کے نام پاناما لیکس میں آچکے ہیں،چور چور کا احتساب نہیں کر سکتا،صرف جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر سکتی ہے۔

ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم کے ذریعے ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے لائیں گے، 25 تا27 مئی پشاور سے کراچی کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ پورے ملک کے عوام کو کرپشن کے خاتمہ کے لیے متحد اور یک آواز کر دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محب دین ، صاف ستھرے کردار کے مالک افراد کو عوام کو غربت ، مہنگائی ، کرپشن ، لوڈشیڈنگ ، لاقانونیت ، ناانصافی سے نجات دلانے کے لیے اکٹھا اور متحد ہونا ہوگا ۔

پاکستان کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشیں عروج پر ہیں جبکہ پارلیمنٹ اور حکمران طبقہ بے حسی کا شکار ہیں ۔ 68سال سے ایسے لوگ قوم کی قیادت پر قابض ہیں جن کو عام آدمی کے مسائل کا کچھ پتہ نہیں۔ یہ لوگ امریکہ اوریورپ سے آتے ہیں یہاں کا میڈیا ان کی بھر پور کوریج کرتا ہے اور مغربی قوتیں ان کی پشت پناہی کرتی ہیں۔ ایسے لوگوں کو آگے نہیں آنے دیا جاتا جو غریبوں کو جانتے اور غریبوں کے مسائل سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر ازم کے دعوے دار پانامہ پیپر لیکس اور دبئی پراپرٹی لیکس سے بے نقاب ہو گئے ہیں ۔ موجودہ اور سابقہ حکمران اورہر حکومت کا حصہ رہنے والے کرپٹ عناصر اب نام نہاد پاپولر پارٹیوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں ۔ ۔انھوں نے کہا کہ قوم کا مال لوٹ کر بیرون ملک لے جایا گیا۔اور یہاں کے حکمرانوں نے باہر کے ممالک میں اربوں روپے کے کاروبار شروع کیے۔اس چوری میں حکمران اور اپوزیشن سب شریک ہیں روزانہ نئے نئے لوگوں کے نام سامنے آرہے ہیں۔قوم احتساب چاہتی ہے۔س موقع پرجے آئی یوتھ کے زونل صدروقاص مجید،ڈاکٹرمحمدصدیق،عثمان انور،محمدبلال اکرم،قاری غلام مصطفی،راناامجدخاں سمیت ارکان پی پی67موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :