قوموں کے وقار اور ترقی کا راز افراد کی محنت اور لگن میں مضمر ہوتا ہے،مسعود صلاح الدین

بلا شبہ افراد کی اجتماعی کاوشیں اداروں کو ترقی کے بام عروج پر پہنچا دیتی ہیں،چیف انجنئیر ڈو یلپمنٹ فیسکو تقریب سے خطاب

جمعہ 20 مئی 2016 20:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مئی۔2016ء)چیف انجنئیر ڈو یلپمنٹ مسعود صلاح الدین نے کہا ہے کہ قوموں کے وقار اور ترقی کا راز افراد کی محنت اور لگن میں مضمر ہوتا ہے۔ بلا شبہ افراد کی اجتماعی کاوشیں اداروں کو ترقی کے بام عروج پر پہنچا دیتی ہیں وہ فیسکو سے ریٹائرڈ ہونے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر سنٹرل وئیر ہاؤس عبدالغفور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سرفراز خان کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مو جودہ دور میں افرادی قوت کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہے کیونکہ محنتی اور ہنر مند افرادی قوت کے بغیر اداروں کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ہونے والے آفیسرز نے اپنی صلاحیتوں او ر حسن سلوک سے سب کو گرویدہ بنا ئے رکھا۔

(جاری ہے)

اپنی ذاتی کاوشوں کی بناء پرانہوں نے ہر موقع پر بہترین رزلٹ دیئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف فنانشل آفیسر زاہد حسن نے کہا کہ دونوں انتہائی ملنسارطبیعت کے مالک ہیں۔ وہ اپنے کام میں ماہر اور سب کو ساتھ لیکر چلنے والے انسان ہیں۔ ان کے ریٹائرڈ ہونے سے کمپنی انتہائی اچھے اور منجھے ہوئے افسرسے محروم ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ کمپنی کے دروازے اور افسران و ملازمین کے دلوں کے در ہمیشہ ان کیلئے کھلے رہیں گے ۔

ریٹائرڈ ہونے والے افسران نے اپنے خطاب میں کمپنی کے انجینئرز، انتظامی افسران اور اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ہمہ وقت تمام لوگوں کا تعاون حاصل رہا اور فیسکومیں گزارے گئے ایام ان کی زندگی کا قیمتی اور خوشگوار اثاثہ رہیں گے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ شیڈولنگ علی رضا،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈسپوزل شاہد محمود، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان، ایڈیشنل ڈائریکٹر عامر محبوب الٰہی، ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل سٹور ظفر صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر پی ڈاکٹر عبدالحئی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔