ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے فنکار طالب علموں نے پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں کھیل ”گونگی جورو“ پیش کیا

جمعہ 20 مئی 2016 20:08

اسلام آباد ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے فنکار طالب علموں نے جمعہ کو پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں 5 روز سے جاری یوتھ ڈرامہ فیسٹول میں اپنا کھیل ”گونگی جورو“ پیش کیا۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام منعقدہ اس فیسٹول کی یہ پانچویں پیشکش تھی ۔نوجوان فنکاروں نے گونگی جورو مزاحیہ اور منفرد انداز میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس کہانی میں ایک شوہر اپنی گونگی بیوی کا علاج کرتا ہے کہ زندگی میں پائی جانے والی بے مزگی کو دور کیا جائے اور خوشیوں سے لطف اندوز ہوسکے لیکن اس کے برعکس جب بیوی کو زبان ملتی ہے تو وہ انتہائی لڑاکو نکلتی ہے اور اپنے شوہر کی زندگی کو اجیرن بنا دیتی ہے یہاں تک کہ شوہر تنگ آ کر ڈاکٹر سے بہر ہ ہونے کی دوا لیتا ہے اور اسے کانوں میں ڈال کر اپنے آپ کو بہرہ کر دیتا ہے۔ اس طرح سے ڈرامہ میں انسانی رویوں کی بدلتی صورتحال کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔21 مئی کو دو کھیل ”دیا جلائے رکھنا“ اور ”عشق گداگر“ پیش کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :