وزیر بلدیات جام خان شورو نے ملیر میں پانی جمع ہونے پر متعلقہ علاقہ ایکس ای این واٹر بورڈ کو فوری طور پر معطل کردیا

جمعہ 20 مئی 2016 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے ملیر کالا پل پر پانی کی پائپ لائن کی لیکیج اور اس کے باعث وہاں کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ علاقہ ایکس ای این واٹر بورڈ کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔ وزیر بلدیات نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات دی ہیں کہ فوری طور پر لیکیج لائن کی مرمت کی جائے اور سڑکون پر جمع پانی کو صاف کردیا جائے۔

جمعہ کو صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے ملیر کالا پل پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی پائپ لائن کی لیکیج اور اس سے پانی کے بہاؤ کے باعث سڑک پر پانی جمع ہونے کی میڈیا پر آنے والی خبر پر فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ علاقہ ایکس ای این کو معطل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو فوری طور پر متعلقہ علاقے میں پہنچ کر پانی کی لائن سے لیکیج کو بند کروانے اور سڑک پر جمع پانی صاف کروانے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ اب کسی قسم کی کوئی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جہاں جہاں سے عوامی شکایات یا میڈیا کے ذریعے کوئی رپورٹ ملے گی تو متعلقہ افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب اداروں میں کام نہ کرنے والوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی میں عوامی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ اور تمام ڈسٹرکٹ کے چیف انجنئیرز اور ایکس ای این کوہدایاتا جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں روزانہ کی بنیادوں پر خود جائیں اور عوامی شکایات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہا ں جہاں ممکن ہو وہاں بجلی کی عدم دستیابی کے باعث پمپنگ اسٹیشنوں پر جنریٹرز کی مدد سے مشینوں کو چلایا جائے اور علاقے میں بجلی کی بحالی پر وہاں پانی کی سپلائی کو ممکن بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :