پنجاب یونیورسٹی کی شاندار کامیابی، ملک کو درپیش توانائی کے بحران سے نبٹنے کیلئے پلاننگ کمیشن نے 1 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دیدی

جمعہ 20 مئی 2016 19:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) وفاقی پلاننگ کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ملک کو درپیش توانائی کے بحران اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے تجویز کئے گئے تقریباََ 1 ارب روپے کے تعلیمی و تحقیقی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کی تکمیل پرملک میں توانائی کے بحران کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی سے نبٹنے کے لئے بہترین منصوبہ بندی اور رہنمائی فراہم کرنے پر یونیورسٹی کے اساتذہ نے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کو مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 98 کروڑ روپے مالیت کا یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہو گا اور اس منصوبے کے تحت پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں مختلف لیبارٹریاں قائم کی جائیں گے ۔ پاکستان میں اس وقت توانائی کے مختلف شعبوں میں ماہرین کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور ہزاروں کی تعداد میں تربیت یافتہ افرادی قوت ، انجینئرز اور سائنسدان فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے میں توانائی پیدا کرنے کے مختلف ذرائع بشمول شمسی و کوئلہ پر اعلیٰ معیار کی تحقیق کی جائے گی اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے بھی ماہرین تحقیقات کریں گے۔ منصوبے کے تحت انرجی انجینئرنگ، پٹرولیم انجینئرنگ، گیس انجینئرنگ، اینوائرمینٹل انجینئرنگ، انرجی اکنامکس اینڈ پالیسی، انرجی آڈیٹنگ اینڈ کنزرویشن، انٹرنیشنل ڈسپیوٹس سیٹلمنٹ، انڈسٹریل اینوائرمینٹل آڈیٹنگ ، انرجی اور اینوائرمینٹل انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق ہو گی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے منصوبے کی منظوری پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا شکریہ ادا کیا ہے۔پراجیکٹ کی منظوری دیتے وقت وفاقی وزیر پلاننگ ، ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز احسن اقبال نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی تعلیمی و انتظامی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پلاننگ کمیشن نے اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے جن منصوبوں کی منظوری دی تھی انہیں قبل از وقت مکمل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی نہ صرف تعلیم کے میدان میں سب سے آگے ہے بلکہ یہ انتظامی صلاحیتوں میں بھی سب سے آگے ہے۔

یہاں یہ قابل ذکر ہے کہ منظوری پانے والے اس منصوبے کی تکمیل میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ طارق مجید قریشی، ڈائریکٹر سنٹر فار کول ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہد منیر، اور اسسٹنٹ پروفیسر پی یو سی آئی ٹی / ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر کامران عابد نے ڈاکٹر مجاہد کامران کی سربراہی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پنجاب یونیورسٹی کا سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کے مختلف منصوبوں میں اپنا بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :