رنگ روڈ پر بعض جگہوں سے غیر قانونی پیدل کراسنگ کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 20 مئی 2016 19:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) لاہور رنگ روڈ کے بعض حصوں میں ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پیدل گزرنے والوں کے باعث حادثات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ رنگ روڈ کے ان حصوں کے اطراف میں آہنی جنگلے لگانے کی منصوبہ بندی کی جائے اور واضح خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر لاہور ڈویژن و چیئرپرسن لاہور رنگ روڈ اتھارٹی عبداﷲ خان سنبل نے رنگ روڈ پر بعض جگہوں سے غیر قانونی پیدل کراسنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹرز اور پولیس کمانڈنٹ نے شرکت کی۔اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سگیاں تا گلشن راوی رنگ روڈ و نیازی چوک پر کراسنگ پلوں کی بجائے لوگ سائیڈ رکاوٹوں کو پھلانگ کر سڑک عبور کرتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں اجلاس کو بتایا گیا کہ رنگ روڈ کا یہ حصہ شہر کے اندر واقع ہے۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے۔ چیئرپرسن لاہور رنگ روڈ اتھارٹی عبداﷲ خان سنبل کو بتایا گیا کہ فعال رنگ روڈ پر لائٹنگ کا 53 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ 15 جون تک یہ کام 80 فیصد تک مکمل ہو جائے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ پولیس غیر قانونی پیدل گزرگاہوں کے ایسے پوائنٹس کی چیکنگ کے لیے گشت بھی بڑھائے۔