مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے زیر قیادت جاری عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو روکا نہیں جا سکتا، بیگم فرحانہ قمر

جمعہ 20 مئی 2016 18:01

اسلام آباد ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد شعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے زیر قیادت جاری عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو روکا نہیں جا سکتا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مینڈیٹ سے برسراقتدار میں آئی ہے اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے اڑھائی سالہ دور اقتدار میں درپیش بڑے بحرانوں لوڈ شیڈنگ سمیت کافی حد تک قابو پا لیا ہے اور لوڈ شیڈنگ کا بحران جلد ختم ہوجائے گا، جمہوریت کے استحکام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے میاں برادران دن رات محنت کر رہے ہیں لیکن چند مفاد پرست پاکستان کے امن و امان اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کو مکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے گرد پانامہ لیکس کا جال بچھانے والے خود اس میں پھنس چکے ہیں، بلاتفریق احتساب کے حق میں ہیں لیکن اپنی آف شور کمپنی رکھنے والوں کو دوسروں پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملہ پر الزام تراشی کی سیاست کرنے کی بجائے اپوزیشن کو بالغ النظری سے کا م لیتے ہوئے اسے حل کی طرف جانا چاہئے جس سے جمہوریت مستحکم ہو اور موجودہ سیاسی نظام بہتر طریقہ سے عوامی خدمت کا کام سرانجام دے سکے۔

بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے خود کو رضاکارانہ طور پر احتساب کیلئے پیش کرنا اور ٹی او آرز کیلئے اپوزیشن سے مل کر آگے بڑھنے کے اعلان کے بعد اب کسی قسم کی الزام تراشی کی گنجائش نہیں رہتی، اب مخالفین صبر سے کام لیتے ہوئے کمیشن کی کارروائی کا انتظار کریں۔