اوپن یونیورسٹی نے کتابوں کے ساتھ معاون تدریسی ٹیلی ویژن پروگرامز پر مشتمل سی ڈیز بھی ارسال کرنا شروع کردی

جمعہ 20 مئی 2016 16:48

اسلام آباد ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں موجود اپنے لاکھوں طلبہ و طالبات کوکتابوں کے ساتھ معاون تدریسی ٹیلی ویژن پروگرامز پر مشتمل سی ڈیز بھی ارسال کرنا شروع کردی ہیں جن کورسز کی سی ڈیز ارسال کی جا رہی ہیں ان میں میٹرک، ایف اے اور بی اے سطح کے انگلش کورسز، ایم اے اسلامیات اور ٹیفل پروگرامز شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے شعبہ ترسیل کتب کے مطابق سمسٹر بہار 2016ء میں پیش کئے گئے میٹرک تا پی ایچ ڈی سطح کے پروگرامز میں داخل لاکھوں طلبہ و طالبات کو کتابوں کی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اب تک پانچ لاکھ ستر ہزار طلبہ کو کتابیں ارسال کی جاچکی ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی خصوصی ہدایت پر کتابوں کی ترسیل کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور میلنگ سیکشن کے کارکن 2۔

(جاری ہے)

شفٹوں میں صبح 8۔بجے سے شام 7۔بجے تک اس کام میں مصروف رہتے ہیں۔ وائس چانسلر کی ہدایت کے مطابق جون کے وسط میں کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ علاوہ ازیں"کتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کیلئے ”کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام“ بھی شروع کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں یونیورسٹی نے ایک نئی ویب سائٹ mailing.aiou.edu.pk بھی متعارف کرا دی ہے۔

داخلوں کے امیدوار اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ آسانی سے میل بکس میں اپنا رول نمبر یا داخلہ فیس کا چالان نمبر درج کرکے یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ارسال کی جانے والی درسی کتابوں کے ترسیلی مراحل کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ ٹریکنگ نظام کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی نے کتابوں کی ترسیل کے بعد ہر طالب علم کے فون نمبر پر بذریعہ ایس ایم ایس کتابوں کی ترسیل کی اطلاع دینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

اس طرح ہر طالب علم کو ان کو انہیں ارسال کی گئی کتابوں کی ترسیل کی تاریخ اور وقت کی اطلاع دی جائے گی۔ درسی کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ کو نزدیک ترین ڈاکخانہ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ یونیورسٹی کے میلنگ سیکشن کے فون نمبرز 051-9250158 and 051-9057611 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں طلبہ ای میل ایڈریس [email protected]پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔