تمام وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کو اردو کے بطور سرکاری زبان استعمال کرنے کے فوری اقدامات کرنے چاہئیں ‘وزیر اعظم

جمعہ 20 مئی 2016 14:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کو اردو کے بطور سرکاری زبان استعمال کرنے کے فوری اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ یہ ایک آئینی تقاضا ہے جس میں پہلے ہی بڑی تاخیر ہو چکی ہے۔ وہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم ہاوٴس میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو پھر سے ان دس نکات کی طرف توجہ دلائی جائے جو پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں، ڈویڑنز اور سرکاری محکموں میں اردو کی ترویج کے لئے کئے گئے اقدامات کی جامع رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی تاریخ اور نامور شخصیات پر مشتمل کتب کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے تاکہ ہماری نوجوان نسل اپنی تاریخ و ثقافت سے آگاہ ہو۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ شاعروں، ادیبوں، فنکاروں اور دانشوروں کے مسائل کے حل اور حکومت کی طرف سے ان کی ممکنہ سرپرستی اور مدد کا جامع منصوبہ بھی بنایا جائے کیونکہ یہی لوگ ہماری حقیقی میراث ہیں جن کی قدر افزائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو اپنے ڈویڑن کے تحت چلنے والے مختلف اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے مسرت کا اظہار کیا کہ ملک کے علمی و ادبی ادارے پھر سے متحرک ہو رہے ہیں