سینیٹ میں مشترکہ مفادات کونسل سے متعلق سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوانے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور

سی سی آئی آئینی طور پر گورننس کی ذمہ دار ہوتی ہے،اعتزاز احسن مشترکہ مفادات وفاق کا دل ہے ، آئین و قانون میں رکر وفاق کو مضبوط کرنے سے تو اکائیاں خود بخود مضبوط ہوں گی، چیئرمین سینیٹ

جمعرات 19 مئی 2016 22:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مئی۔2016ء) سینیٹ میں مشترکہ مفادات کونسل سے متعلق سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوانے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی قرار داد میں کونسل کا مستقل سیکرٹریٹ آبی ذخائر اور مردم شماری سمیت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، سی پی اے سی کی کارکردگی اور مقررہ وقت میں سی سی آئی کے اجلاس بلانے کی سفارش کی گئی، قرارداد کے حق میں 45ووٹ نکلے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں تھا، قرار داد قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے پیش کی، اپوزیشن لیڈر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ سی سی آئی آئینی طور پر گورننس کی ذمہ دار ہوتی ہے،وفاق، صوبوں اور پارلیمان کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنا بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سینیٹ حکومت کو ایک ڈاکٹر کی طرح ذمہ داریوں کا احساس دلاتی ہے، سی سی آئی وفاق کا دل ہے جب ہم آئین و قانون میں رہتے ہوئے وفاق کو مضبوط کریں گے تو اکائیاں خود بخود مضبوط ہوں گی، صوبوں کی توقعات وفاق سے وابستہ جبکہ وفاق کو چھوٹے صوبوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کی پیش کی جانے والی، رپورٹ پر بحث کے بعد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مرتب کی گئی سفارشات کو قرار داد کی شکل میں ایوان بالا میں لایا گیا، قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے ایوان کے قواعد و ضوابط معطل کر کے قرار داد پیش کی، قرار داد کے متن میں ، حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سی سی آئی کا مستقبل سیکرٹریٹ قائم کیا جائے، آبی ذخائر کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ ساتھ مردم شماری کا اہم مسئلہ بھی حل کیا جائے، حکومتی قرضہ اور پائیدار ترقی کے اہداف جس میں خصوصی طور پر صحت اور تعلیم کے مسائل پر قابوپانا سی پی ای سی کی کارکردگی کو بہتر کرنا اور مقرہ وقت میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی سفارش کی گئی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے رائے شماری کروائی، رائے شماری کے نتیجے میں قرار داد کے حق میں 45 ووٹ پڑے، جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں تھا، قرار داد منظور ہونے کے بعد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبوں کے وسائل ان کی امنگوں کے مطابق تقسیم کرے۔ صوبوں اور وفاق سمیت پارلیمنٹ کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنا بھی سی سی آئی کی ذمہ داری ہے، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سینیٹ حکومت کو ایک ڈاکٹر کی طرح ذمہ داریوں کا احساس دلاتی ہے اور سی سی آئی وفاق کا دل ہے اور اس دل کو تبھی وینٹی لیٹرز پر جانے سے بچایا جا سکتا ہے کہ جب ہم آئین و قانون میں رہتے ہوئے وفاق کو مضبوط کریں گے تب اکائیاں بھی وفاق کے ساتھ ہوں گی، مشترکہ مفادات کونسل نہایت اہمیت کا حامل ادارہ ہے اور صوبوں کی توقعات اس سے وابستہ ہیں، وفاق کو چھوٹے صوبوں کا خیال رکھتے ہوئے ان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :