پنجاب بین الصوبائی ہم آہنگی کا علمبردار بن کر ابھرا ہے ‘ رانا مشہود احمد خاں

پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ میں اپنا حق بلوچستان پر قربان کردیا، ہر صوبہ بڑا بھائی مانتا ہے صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں کا بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے پوزیشن ہولڈرز طلباو طالبات سے پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں خطاب

جمعرات 19 مئی 2016 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پنجاب بین الصوبائی ہم آہنگی کا سب سے بڑا علمبردار بن کر ابھرا ہے، ترقی و خوشحالی کے رول ماڈل کے طور پر باقی تینوں صوبوں کے عوام پنجاب کو رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پنجاب حکومت نے بھی این ایف سی ایوارڈ میں اپنا حصہ بلوچستان کو دے کر اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں سندھ، بلوچستان ، کے پی کے ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ عوام کی بھرپور معاونت کرکے اپنے حقیقی بڑے بھائی ہونے کا ناقابل تردید ثبوت فراہم کیا ہے،ان پالیسیوں کی بدولت دوسرے صوبوں کے عوام میں پنجاب سے فاصلے اور دوریاں کم ہوئی ہیں جس کا تمام تر کریڈٹ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو جاتاہے-رانامشہود احمد خاں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں بلوچستان کی یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے 150سے زائد پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا- رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی اتحاد ، یگانگت اور عدم تعصب پر یقین رکھتی ہے ، ہماری قیادت بین الصوبائی رابطوں اور باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے کر پورے ملک میں مساوی ترقی اور باہمی محبت کو پروان چڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہے- یہی وجہ ہے کہ پنجاب نے ہر نازک موقع پر نہ صرف اپنے وسائل دوسرے صوبوں پر قربان کئے بلکہ سیلاب، زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات کے دوران آزمائش اور مصیبت کی گھڑی میں اپنے تمام ہموطنوں کا بلا امتیاز ساتھ دیا -وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دیگر صوبوں کے طالبعلموں کے داخلوں ، لیپ ٹاپس کی فراہمی اور تعلیمی وظائف کی فراہمی کے علاوہ پنجاب کے پوزیشن ہولڈرز کے ہمراہ غیر ملکی یونیورسٹیوں کے دوروں میں بڑی فراخدلانہ پالیسی اپنائی گئی ہے جس کا اعتراف اپنے بیگانے بھی کررہے ہیں-پنجاب اسمبلی کے دورے کے دوران بلوچ طلباو طالبات نے گیلری میں بیٹھ کر پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا کچھ حصہ دیکھا اور ملک کی سب سے بڑی صوبائی قانون ساز اسمبلی کی کارروائی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا-اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے وفد کو اسمبلی کے مختلف حصوں کے بارے متعارف کرایا اور اسمبلی کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے وفد کے ارکان کو بتایا -بعدا زاں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے بلوچ طلبا وطالبات کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی-بلوچ وفد کے ارکان نے اپنے دورہ لاہور کے لمحات کو نہایت خوش کن ، معلومات افزاء اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی تعلیمی، ثقافتی اور سماجی زندگی کے مختلف پہلوؤں نے بے حد متاثر کیا ہے خصوصا میٹروبس سروس کی شکل میں شہریوں کو ملنے والی پروقار سفری سہولت دیکھ کر انہیں بڑی خوشی ہوئی ہے-