صوبائی حکومت عوام کوبروقت خدمات کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔عظمت حنیف اورکزئی

جمعرات 19 مئی 2016 22:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء)عوامی خدمات تک رسائی کمیشن کے چیف کمشنر خیبر پختونخوا عظمت حنیف اورکزئی نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے عوامی خدمات اور اطلاعات تک رسائی کے قوانین صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کو بہتر کرنے کے لئے متعارف کرائے ہیں اور ان کے ذریعے سرکاری محکموں اور اداروں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنا دیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کوبروقت خدمات کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور خدمات کی فراہمی میں کوتاہی پر ذمہ دارافسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال کرک میں عوامی خدمات تک رسائی کے قانون مجریہ 2014کے بارے میں منعقدہ ایک روزہ آگہی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سمینار سے ڈپٹی کمشنر کرک عابد خان وزیر اور ضلع نائب ناظم سجاد خٹک نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر مزکورکمیشن کے کمشنر سلیم خان اور سرکاری محکموں کے سربراہوں کے علاوہ نومنتخب مقامی حکومتوں کے ناظمین اورنمائندوں کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔عظمت حنیف نے اپنے خطاب میں خدمات تک رسائی کے قانون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے مزکورہ قانون کے تحت پہلے مرحلے میں15اہم خدمات بشمول ایف آئی آر اور روزنامچہ کا اندراج،ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ،فرد،پیدائش/اموات سرٹیفیکیٹ،بلڈنگ پلان،ہسپتال میں ایمرجنسی سروس،ڈرگ لائسنس کا اجراء،ڈرائیونگ لائسنس کااجراء و تجدید،اسلحہ لائسنس ، مقامی زکواۃ کمیٹی کو فنڈز کا اجراء و دیگر فنڈز و وظائف،پانی کا کنکشن،عمارتی نقشے کی منظوری،پینے کے پانی کی فراہمی اور کوڑاکرکٹ کی صفائی کی خدمات کی مقررہ مدت میں فراہمی کا اعلان کیا ہے اگر عوام کو ان خدمات کے حصول میں کوئی دقت یا شکایت ہو تو متعلقہ محکمے کے سربراہ اور اگر ازالہ نہ ہو تو ؑعوامی خدمات تک رسائی کمیشن سے رابطہ کریں متعلقہ افسر کے خلاف نہ صرف کارروائی ہو گی بلکہ اس سے جرمانہ بھی وصول کرکے متاثرہ شخص کو دیا جائے گا۔

چیف کمشنر نے منتخب مقامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ مزکورہ قانون کے بارے میں عوام کو آگا ہ کریں تاکہ انہیں ان خدمات کے حصول میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات اور اطلاعات تک رسائی، لوکل گورنمنٹ ،احتساب و انٹی کرپشن اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ جیسے قوانین کے نفاذ سے سرکاری محکموں اور اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پلڈاٹ کے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق اچھی طرز حکمرانی میں 28میں سے 18پوائنٹس حاصل کرکے خیبر پختونخوا نے پہلی جبکہ پنجاب نے 8اور سندھ اور بلوچستان نے 2,2 پوائنٹس حاصل کر کے باالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس عنقریب موبائل/فون میسیجز سروس، روبو کالز اور ویب سائیٹ کا اجراء کر رہا ہے جس سے عوام کو خدما ت کی فراہمی میں کافی مدد ملے گی۔ شرکاء سمینار نے صوبائی حکومت کی عوامی خدمات کے بارے میں قوانین کے اجراء کو سراہا ۔