محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے کٹا،بھینس بچاؤ سکیم کے تحت 655مویشی پال حضرات میں56لاکھ11ہزار500 روپے تقسیم

جمعرات 19 مئی 2016 22:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھرمیں گوشت کی پیداوارمیں انقلابی اضافے کے لیے کٹا، بھینس بچاؤ اورفیڈ لاٹ فیٹننگ کا تین سالہ منصوبہ 2015سے شروع کیاگیاہے جس کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں دونوں مذکورہ بالاسکیموں میں رجسٹرڈ مویشی پال حضرات کو کٹا بھینس بچاؤ سکیم کے تحت 4ماہ کی عمرتک کٹڑے پالنے کے عوض 6500روپے فی کٹا اور فیڈ لاٹ فیٹننگ سکیم کے تحت ایک سال کی عمر کے کٹڑوں کو 3ماہ تک متوازن خوراک سے فربہ کرنے پر مبلغ 4ہزارروپے فی کٹا امدادی رقم کی تقسیم جاری ہے۔

اب تک تقریباً 8214 کٹڑے ان دونوں سکیموں کے تحت فربہ کئے جاچکے ہیں۔ یہ منصوبہ 2018تک جاری رہے گا۔فیڈ لاٹ فیٹننگ کے منصوبہ کے تحت کل 5000کٹڑوں میں سے 4423جانوروں کی رجسٹریشن جوکہ ہدف کا81فیصد بنتاہے جبکہ کٹا،بھینس بچاؤسکیم کے تحت کل 5000کٹڑوں میں سے 3791جانوروں کی رجسٹریشن جوکہ ہدف کا 74فیصد بنتاہے کامیابی سے حاصل کرلیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ مویشی پال حضرات کو انکی دہلیز پر بہترسروسز فراہم کی جارہی ہیں۔

اس منصوبے کے تحت 655کٹڑوں کے مالکان کو56لاکھ11ہزار500 روپینقد تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے بتایاکہ اس منصوبے کامقصد چھوٹی عمر کے کٹڑوں کو بہتردیکھ بھال کے ذریعے پروان چڑھاناہے تاکہ مویشی پال حضرات انہیں چھوٹی عمرمیں بیچنے کی بجائے کم ازکم ڈیڑھ سال کی عمرتک پالیں جس سے گوشت کی پیداوارمیں اضافہ اورمعیارمیں یقینی بہتری آئے گی۔