وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چیئرمین کسان اتحاد چوہدری انور کی قیادت میں وفد کی ملاقات

پنجاب حکومت اورکسان اتحاد کے مابین مذاکرات کامیاب،وزیراعلیٰ کی اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کاشتکاروں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے،کاشتکاروں کے مفادکاہر قیمت پر تحفظ کریں گے‘شہبازشریف گذشتہ برس کے کاشتکاروں کو شوگر ملوں کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا‘وزیراعلیٰ کی وفد سے گفتگو

جمعرات 19 مئی 2016 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں ایوان وزیراعلی میں کسان اتحاد کے چیئرمین چوہدری انور کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران کاشتکاروں کے درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی اورکسان اتحاداور پنجاب حکومت کے مابین مذاکرات کامیاب ہوئے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریوں اور کسان اتحاد کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی جو مل بیٹھ کر مشاورت سے زرعی پالیسی اورکاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔

کمیٹی کا اجلاس کل منعقد ہوگا اور کسان اتحاد کے نمائندوں کی مشاورت سے زرعی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے،چھوٹا کاشتکار پس کررہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں کامفاد بے حد عزیز ہے اوراس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے انہیں کپاس،مونجی اورآلو کی فصلوں میں نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کی خوشحالی اورزرعی شعبے کی ترقی کیلئے 100ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے ۔زرعی پیکیج سے نہ صرف کاشتکار کی حالت بدلے گی بلکہ زرعی شعبہ بھی ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کے فروغ کیلئے زرعی پالیسی مرتب کررہی ہے اوراس ضمن میں متعدد اجلاس ہوچکے ہیں ۔زرعی پالیسی میں کاشتکاروں کی آراء اورتجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے متعلقہ مسائل کیلئے وفد کے ہمراہ وزیراعظم اور وزیرخزانہ سے ملاقات کروں گااورکسانوں کے مقدمے کی بھرپوروکالت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس کے کاشتکاروں کو شوگر ملوں کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین کسان اتحادچوہدری انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد ہے ،وہ جو وعدہ کرتے ہیں پورا کرتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہمیشہ چھوٹے کاشتکاروں کے مفاد کو مقدم جانا ہے اور ان کے مسائل حل کیے ہیں ۔اجلاس میں جاں بحق ہونے والے کاشتکار کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ خان،ڈاکٹر فرخ جاوید ،یاور زمان ،چیف سیکرٹری اورمتعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :