وزیر اعلیٰ پنجاب ایوان میں باتوں سے دودھ کی نہریں بہا کر غائب ہو جاتے ہیں جبکہ اُسی لمحے پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرین جو اپنے حقوق کے لئے سراپا احتجاج ہیں میاں شہباز شریف کو نظر نہیں آتے‘ انجینئر یاسر گیلانی

جمعرات 19 مئی 2016 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے دیہی مراکز صحت کے ملازمین اور کسان تنظیموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کے لئے وبال جان بن گئی ہے پنجاب کا ہر طبقہ فکر سراپا احتجاج ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ایوان میں باتوں سے دودھ کی نہریں بہا کر غائب ہو جاتے ہیں وزیر اعلیٰ کو پنجاب اسمبلی کے باہر بیٹھے غریب ملازمین اور ملک کے 60 فیصدی کسانوں کی تنظیمیں نظر نہیں آتی جو اپنے حقوق کے لئے خوار ہو رہے ہیں۔

تحریک انصاف پنجاب کے عوام کے ساتھ ہے اور پُرامن احتجاج میں اُن کا بھرپور ساتھ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیہی مراکز صحت اور کسانوں کے احتجاجی مظاہرے میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تحریک انصاف شاہدرہ کے عہدیداران اور کارکنان بھی اُن کے ہمراہ تھے انہوں نے مزید کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کا ذکر کرتے نہ تھکنے والی مسلم لیگ ن کو عام آدمی کے مفادات کا رتی برابر بھی احساس نہیں ہے حکمران اپنے اثاثوں میں اضافہ اور تحفظ فراہم کرنے مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت صوبے میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ اورنج ٹرین منصوبے کا ریکارڈ جلایا نہ گیا تو کرپشن کا میگا سکینڈل سامنے آئے گا۔ ایک کروڑ کی آبادی میں سے 4 فیصد شہریوں کو سہولت دینے کے لئے قوم کے اربوں روپے ضائع کئے جا رہے ہیں اور قوم کو مزید مقروض بنایا جا رہا ہے۔