پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی یوم ِانسدادِ دہشت گردی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

جمعرات 19 مئی 2016 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مئی۔2016ء) ممبر صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ پاکستان بہت مہنگا ملک ہے جسے ہمارے آباؤ اجداد نے کئی قربانیوں کے بعد حاصل کیا جس کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام بین الاقوامی یوم ِ انسداد دہشت گردی اورقومی کلچرل ڈیویلپمنٹ ڈے کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پرپرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، ایس ایس پی آپریشن کاؤنٹر ٹیرزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب رائے اعجاز احمد، ڈی ایس پی، سی آئی اے لاہور عمر فاروق بلوچ ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد سے ہی اسے کئی مسائل کا سامنا رہا ہے اورآج بھی پاک چائنہ کوریڈور منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے مخالفین کی جانب سے سازشیں کی جار ہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کا راستہ روکنے کیلئے حکومت اور فوج کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ رائے اعجاز احمدنے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی کیلئے ہر فرد کو انفرادی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کا احسا س کرنا ہوگاجس کیلے نبی کریم ؐ کی زندگی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ عمر فاروق بلوچ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے نوجوانوں کے خیالات اور جذبات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب ایک پیج پر ہیں اور امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے ۔

پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمدنے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ دہشت گرد عناصر کویہ پیغام دینا بھی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا کوئی مستقبل نہیں ۔تقریب میں طلبہ کی جانب سے انسدادِ دہشت سے متعلق تقریری مقابلے کے علاوہ خاکہ بھی پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :