محکمہ انسدادتجاوزات نے بھاری مشینری کی مدد سے غیرقانونی طور پر تعمیر کئے گئے مکانات، دکانیں اور چار دیواری کو مسمار کردیا

جمعرات 19 مئی 2016 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء)سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی تعمیل میں محکمہ انسداد تجاوزات بلدیہ عظمیٰ کراچی نے علیگڑھ اولڈ بوائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سیکٹر -5 اے اور -5 بی دیہہ بیٹی امری کی زمین پر قبضہ کی گئی اراضی مکمل طور پر واگذار کرانے کے لئے آپریشن کو جاری رکھتے ہوئے جمعرات کے روز بھاری مشینری کی مدد سے غیرقانونی طور پر قائم کئے گئے مکانات، دکانیں اور چار دیواری کو مسمار کردیا اور سوسائٹی کی 75 سے 80 فیصد زمین واگذار کرالی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر کی گئی اس کارروائی کی نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے کی جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اسحاق ڈار، ایس پی ملیر راؤانوار، ڈی ایس پی گڈاپ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری، محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران و عملہ اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات نے علیگڑھ اولڈ بوائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سیکٹر -5 اے اور -5 بی دیہہ بیٹی امری ضلع شرقی کراچی میں قبل ازیں11 مئی کو سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر قبضہ کی گئی زمین واگذار کرانے کے لئے آپریشن کیا تھاجس کے دوران 50 ایکڑ اراضی واگذار کرالی گئی تھی تاہم باقیماندہ اراضی پر قبضہ ختم کرانے کے لئے جمعرات کو بھرپور آپریشن کیا گیا جس کے دوران محکمہ انسدادتجاوزات نے بھاری مشینری کی مدد سے غیرقانونی طور پر تعمیر کئے گئے مکانات، دکانیں اور چار دیواری کو مسمار کردیا۔

اس کارروائی میں محکمہ انسداد تجاوزات نے پولیس کی نفری کے ہمراہ بھاری مشینری ڈمپر، لوڈرز، شاول اور ایکسیویٹر کی مدد سے پختہ تعمیرات مسمار کیں ۔