حالات کی ابتری اور موسموں کی شدت ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے ، مفتی محمدنعیم

حکمران اﷲ سے ڈریں شدید گرمی میں پانی وبجلی کی بند ش سے عوام اذیت کا شکار ہے ، رئیس جامعہ بنوریہ عالمیہ

جمعرات 19 مئی 2016 21:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حکمران اﷲ سے ڈریں لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران پرقابوپانے کیلئے اقدامات کریں ،شدیدگرمی میں لوڈشیڈنگ اورپانی کی بندش کی وجہ سے عوام اذیت میں مبتلا ہے ، غریب مررہے ہیں ،امرا اور وزرا ایئرکنڈیشنڈ گاڑیوں اور عالیشان محلات میں عوام کے ٹیکسوں سے عیاشی میں مصروف ہیں،بے حس حکمران ،حالات کی ابتری اور موسموں کی شدت ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ انتخابات سے قبل لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے دعویداروں نے ملک کومزیداندھیروں میں دھکیل دیاہے،انہوں نے کہاکہ مسائل کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ حکمرانوں اور عوام اﷲ کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے،حالات کی ابتری اور موسموں کی شدت ہمارے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے جس سے نکلنے کے لیے اﷲ تعالیٰ کی ناراضگی کے کاموں کوترک کرنا ہوگا ، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں اور حالات سے شکایت کرنے سے زیادہ اپنے اعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جو حکمران آج درد سر بنے ہوئے ہیں انہیں عوام نے ہی منتخب کیاہے،شہر قائدکے مختلف علاقوں میں عوام کو اس گرمی کی شدت میں بھی پانی وبجلی کی سے محروم رکھاگیاہے حکمرانوں کو اپنے اقتدار اورکے علاوہ کوئی بھی فکر نہیں ، کسی بھی ایشو پر سیاسی بیان بازی کرکے عوام کو دھوکے میں رکھنے کی کوششیں کی جاتی ہیں،ایک طرف عوام بے روزگاری اورغربت کے باعث خودکشی پر مجبور ہے تو دوسری جانب شدیدگرمی میں پانی وبجلی سے محروم کرکے رہی کسر بھی پوری کردی گئی ہے ،انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کا احتساب ہونا چاہیے جس نے گرمی کی شدت کے باوجود اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ کئی کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ بھی شروع کرکے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے،انھوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہداری بنتی ہے وہ لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے عملی ا قدم اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :