بجلی کی غیر اعلانیہ اور اذیت ناک لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ،ولید اقبال

ہر گزرتے دن کے ساتھ حکمران عوام پر عذاب بنتے جا رہے ہیں نا اہل حکمران اپنی ناکامیوں اور نا اہلیوں پر شرمندہ ہونے کی بجائے پوری ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں اور اپنی حکومت کو طول دینے کے لیے 2018کا راگ الاپنا شروع ہو گئے ہیں،وفود سے گفتگو

جمعرات 19 مئی 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبر و صدارتی امید وار لاہور ولید اقبال نے کہا ہے کہ(ن) لیگ نے عام انتخابات میں عوام کو سہانے خواب دکھائے تھے اور بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر تین سال گزرنے کے باوجود ان کو کوئی ریلیف نہیں ملا ،کسانوں سمیت ہر شخص ان کے خلاف اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے ،بجلی کی غیر اعلانیہ اور اذیت ناک لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ حکمران عوام پر عذاب بنتے جا رہے ہیں ، مرکز میں تیسری اور پنجاب میں چھٹی باری اور اپنی تجربہ کار ٹیم کے دعوے دار عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ، نا اہل حکمران اپنی ناکامیوں اور نا اہلیوں پر شرمندہ ہونے کی بجائے پوری ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں اور اپنی حکومت کو طول دینے کے لیے 2018کا راگ الاپنا شروع ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال میں بجلی کی طویل بندش سے ہزاروں مریض اور ان کے تیمار دار ذلیل اور خوار ہو رہے ہیں ، میو ہسپتال میں سی ٹی سکین سمیت دیگر ٹیسٹوں کی مشینری کئی مہینوں سے خراب پڑی ہے جس کی وجہ سے غریب مریضوں کو پرائیوٹ ہسپتالوں سے مہنگے داموں ٹیسٹ کروانے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں نے انتظامیہ کی ملی بھگت سے دودھ اور دہی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں،دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، ملک میں حکومت نام کی چیز دوربین سے بھی دکھائی نہیں دے رہی ، تحریک انصاف عوام کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور حکمرانوں کو آئینے میں ان کا اصل چہرہ دکھاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :