حکومت نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے اے این ایف سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،نواب ثناء اﷲ خان زہری

جمعرات 19 مئی 2016 20:37

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کو منشیات سے پاک اور نوجوان نسل کو اس کے استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے اے این ایف سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، بالخصوص صوبے میں منشیات کی نقل و حمل اور سمگلنگ کی روک تھام کے علاوہ پوست کی کاشت تلف کرنے کے لیے اے این ایف کو بھرپور معاونت فراہم کی جائیگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل ناصر دلاور شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روزیہاں ان سے ملاقات کی، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی سمیت بعض دیگر صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور کمانڈر اے این ایف بلوچستان بریگیڈیئر بلال جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے منشیات کی روک تھام اوربلوچستان کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے اے این ایف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ، انہوں نے کہا کہ اے این ایف ہماری فورس ہے جو ہماری نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے کی جنگ لڑرہی ہے، حکومت اس جنگ میں اے این ایف کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں پوست تلف کرنے کی کاروائیوں کے لیے متعلقہ اضلاع کے بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں گے تاکہ ضلعی انتظامیہ ، اے این ایف اور ایف سی کے ساتھ ملکر اس عمل میں بھرپور طریقے سے حصہ لے سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف نہایت واضع ہے کہ غلط کو غلط اور دہشت گرد کو دہشت گرد کہنا ہوگا اور سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی بھرپور طریقے سے مزمت کرتے ہوئے انہیں تنہا کرنا ہوگا ،اس حوالے سے کوئی بھی مصلحت پسندی ملک کے مفاد میں نہیں ہوگی، ڈی جی اے این ایف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا جبکہ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں منشیات کے خاتمے ،اس کی نقل و حمل اورسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اے این ایف ساحلی علاقوں کے ذریعے منشیات کی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے گوادر میں ریجنل ہیڈ کوارٹر کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے اس ضمن میں انہوں نے وزیراعلیٰ سے اراضی کی فراہمی کی درخواست کی جس کے لیے وزیراعلیٰ نے بورڈ آف ریونیو کو فوری سمری پیش کرنے کی ہدایت کی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈی جی اے این ایف کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :