طیاروں کی کمی ،فنی خرابیوں کے باعث آنے جانیوالی 6پروازیں منسوخ ،5سے زائد گھنٹوں تاخیر کا شکار

جمعرات 19 مئی 2016 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مئی۔2016ء) طیاروں کی کمی اور ان میں پیدا ہونے والی فنی خرابیوں کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر آنے جانے والی 6پروازیں منسوخ جبکہ 5سے زائد پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔لاہور ایئرپورٹ پر قائم فلائٹ انکوائری کے مطابق طیاروں کی کمی کے باعث ملائیشین فضائی کمپنی مالنڈو ایئر کی کوالالمپور سے لاہور آنے والی پرواز131 ،مالنڈو ایئر ہی کی لاہور سے واپس کوالالمپور جانے والی پرواز132 کو منسوخ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح تھائی ایئر کی بنکاک سے لاہور آنے والی پرواز 345 سمیت تھائی ایئر کی لاہور سے واپس بنکاک جانے والی پرواز 346 کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ ایئربلیو کی شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 413 سمیت شاہین ایئر کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز142 بھی منسوخ ہے۔دوسری جانب متعدد فنی خرابیوں کیباعث سری لنکن نجی فضائی کمپنی ماہین لنکا کی لاہور سے کولمبو جانے والی پرواز186 تیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ایئربلیو کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز410 ایمریٹس کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز623 پی آئی اے کی لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے752 اور پی آئی اے کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے203 تیس، تیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔