صلیبی و یہودی مسلم ملکوں کو باہم متحد ہوتا دیکھ کر ان کو معاشی مسائل سے دوچار کرنا چاہتے ہیں،نائن الیون حملوں میں مارے جانے والوں کو سعودی عرب کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی اجازت دینے کا بل منظور کرنا ان کی سازشوں کا حصہ ہے، او آئی سی اور دیگر عالمی ادارے شامی مسلمانوں پر مظالم کے خاتمہ کیلئے عملی کردار ادا کریں

امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسرحافظ سعیدکامختلف تقاریب سے خطاب

جمعرات 19 مئی 2016 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مئی۔2016ء) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسرحافظ محمدسعیدنے کہاہے کہ صلیبی و یہودی مسلم ملکوں کو باہم متحد ہوتا دیکھ کر انہیں معاشی مسائل سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ نائن الیون حملوں میں مارے جانے والوں کو سعودی عرب کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی اجازت دینے کا بل منظور کرنا انہی سازشوں کا حصہ ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔شام میں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم تاریخ انسانی کا بہت بڑا المیہ ہیں۔ او آئی سی اور دیگر عالمی ادارے شامی مسلمانوں پر مظالم کے خاتمہ کیلئے عملی کردار ادا کریں۔ وہ جمعرات کو یہاں جماعۃالدعوۃ لاہور کے زیر اہتمام لبرٹی اور بحریہ ٹاؤن میں مختلف تقاریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کا رخ مغرب کی بجائے ہمارے علاقہ کی طرف ہو رہاہے۔ 34مسلم ملکی اتحادکے قیام میں سعودی عرب اور پاکستان کا نمایاں کردار ہے۔ دنیا سے مسلمانوں کی غلامیاں ختم کرنے کیلئے بہت بڑی بنیاد بن رہی ہے یہی وجہ ہے کہ آج امریکہ نائن الیون کے پندرہ سال بعد اس کا ذمہ دار سعودی عرب کو ٹھہرانے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن اﷲ کے فضل و کرم سے حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔

مسلم ملکوں کا باہم اتحاد مضبوط ہو رہا ہے۔وہ اپنے معاشی اور دفاعی نظام تشکیل دینے کا سوچ رہے ہیں۔ سعودی عرب کی طرف سے یہ کہنا کہ وہ اپنی معیشت کا انحصار تیل پر سے ختم کر رہے ہیں تو یہ بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عالم اسلام کی دفاعی ومعاشی قوت بن رہاہے اور مسلم ممالک مغرب کی بجائے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

یہ صورتحال اسلام دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہے۔ اس وقت جتنے مسائل نظر آرہے ہیں وہ اسی سے جڑے ہوئے ہیں۔ بیرونی قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بھی نقصانات سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی اورسیاسی سطح پر اتحادویکجہتی کی فضاء قائم کی جائے تاکہ دشمن کی منصوبہ بندی کوناکام بنایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبہ اورعالم اسلام کااتحاد پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ۔

اگرآئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے چھٹکارا چاہئے تو مسلم امہ کومتحد کرکے ہی معاشی مسائل کوحل کیاجاسکتاہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت میں بی جے پی اور نریندر مودی کے برسراقتدارآنے کے بعد سے ہندو انتہاپسندوں کو رہا جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ بے گناہ مسلم نوجوانوں کو منظم منصوبہ بندی کے تحت گرفتار کر کے جیلوں میں قید کیا جارہا ہے۔ اسی طرح کشمیری طلباء اور تاجروں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے۔

ان کی زندگیاں محفوظ نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ آئے دن ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کشمیری طلباء و تاجروں کا قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری مسلمان جدوجہد آزادی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ تحریک آزادی کشمیر جاری ہے اور جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا کتاب و سنت میں موجود ہے قرآن ہماری غلطیوں کی اصلاح اور مسلمانوں کے راستے منزلیں واضح کرتا ہے لیکن انتہائی افسوسناک بات ہے حکمران و عوام اس پر عمل نہیں کرتے ہر شخص کو اپنا محاسبہ کرتے ہوئے عقائد و اعمال کی اصلاح اور اﷲ سے اپنے تعلق کو مضبوط بنانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :