پانامہ لیکس پر نورا کشتی ہو رہی ہے،قوم اپوزیشن اور حکومت دونوں سے مایوس ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ روکی جائے،حکومت نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کا نیٹ ورک ختم نہیں کرسکی‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعرات 19 مئی 2016 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر نورا کشتی ہو رہی ہے،قوم اپوزیشن اور حکومت دونوں سے مایوس ہے،شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ روکی جائے،حکومت نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کا نیٹ ورک ختم نہیں کرسکی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست قتل وغارت میں ملوث کالعدم تنظیموں کے سرپرستوں کو گرفتار کیا جائے۔مجلس وحدت المسلمین کے مطالبات کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے بڑے فیصلوں کی ضرور ت ہے۔قوم کیلئے کرپشن زدہ حکومت ناقابل قبول ہے۔کرپشن کے خلاف مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتیں اپنی صفوں سے کرپٹ افرا د کو نکال کر مثال قائم کریں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے جمہوریت کمزور ہو رہی ہے۔ملکی دولت لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنانا ہو گا۔ بھارت دریائے چناب کا رخ موڑ کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔دہلی حکومت آبی دہشتگردی پر اتر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جعلی جمہوریت سے کچھ نہیں مل سکتا۔ جمہوریت کی مضبوطی کرپشن کے خاتمے سے مشروط ہے۔کرپٹ لوگوں کا بلا امتیاز احتساب ہی مسائل کا واحد حل ہے۔