خواتین نوسر بازوں کے گروہ نے دبئی پلٹ خاتون سے ہزاروں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹ لی

جمعرات 19 مئی 2016 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) خواتین نوسر بازوں کے گروہ نے دبئی پلٹ خاتون سے ہزاروں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر اہم دستاویزات لوٹ لیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مزنگ بازار میں خریداری کی غرض سے آنے والی دبئی پلٹ خاتون حمیرا زیدی کو خواتین نوسربازوں نے باتوں میں الجھا کر اس کے شولڈر بیگ سے ہزاروں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی ،شناختی کارڈ اوراے ٹی ایم کارڈز سمیت دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کر دیا۔

حمیرازیدی نے بتایا کہ وہ گزشتہ روز خریداری کی غرض سے مزنگ بازارگئیں تھیں ،اسی دوران دو نامعلوم نقاب پوش خواتین ان کے ساتھ آ کر کھڑی ہو گئیں اور ان سے باتوں کا سلسلہ شروع کر دیا اورچند منٹ کی گفتگو کے بعد دونوں اچانک غائب ہو گئیں۔

(جاری ہے)

حمیرا زیدی نے نوسرباز خواتین کے جاتے ہی اپنے شولڈر بیگ کی طرف نظر ڈالی تو اس کی زپ کو کھلے پا کر حیران رہ گئیں ۔

بیگ کے اندر دیکھنے پر انکشاف ہوا کے ان کے بیگ سے ہزاروں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی ،شناختی کارڈ ،اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر قیمتی دستاویزات غائب ہیں۔ دکانداروں نے بتایا کہ یہاں کئی ماہ سے نوسر باز خواتین کا گروہ سر گرم ہیں لیکن اطلاع کے باوجود پولیس انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ۔نامعلوم نقاب پوش نوسر باز خواتین کا یہ گروہ بہت منظم اندازمیں وارداتیں کرتا ہے جو کہ بازار میں آنے والے افراد میں سے اپنے مطلوبہ شکار کا انتخاب کرنے کے بعد اس کاپیچھا کر کے انکا صفایا کرتا ہے اور پھر اچانک غائب ہو جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :