نمل کے زیر اہتمام ”اصلاح معاشرہ میں نوجوانوں کا کردار سیرت طیبہ کی روشنی میں“ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس

جمعرات 19 مئی 2016 17:17

اسلام آباد ۔ 19 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مئی۔2016ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام ”اصلاح معاشرہ میں نوجوانوں کا کردار سیرت طیبہ کی روشنی میں“ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں سینٹر ساجد میر، رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر محمد عبدو عتین، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش، سابق نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن اور دیگر ملکی اور غیر ملکی مہمانان گرامی نے شرکت کی ۔

نمل کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر ریاض احمد گوندل اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ شعبہ علوم اسلامیہ کے صدر اور کانفرنس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سیّد عبدالغفار بخاری نے خصوص گفتگو میں کہا کہ اس کانفرنس میں پانچ ممالک مصر، سعودی عرب، الجزائر، سوڈان اور ڈنمارک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں مختلف یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے سکالرز نے اپنے مقالے پڑھتے ہوئے نوجوانوں کی اہمیت، ان کے حقوق و فرائض، عصر حاضر کے چیلنجز کے مقابلہ کیلئے ان کی تیاری اور اصلاح معاشرہ میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

ڈائر یکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر ریاض احمد گوندل نے اختتامی کلمات میں اس کانفرنس کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ کیلئے نوجوانوں کے کردار کی تعمیر کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ آخر میں انہوں نے شرکا میں شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :