شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سرگودہا کے زیر اہتمام ایم اے فائنل ایئر کے طلباء و طالبات کے پراجیکٹس کی نمائش کا انعقاد

جمعرات 19 مئی 2016 17:17

سرگودھا۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مئی۔2016ء)شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سرگودہا کے زیر اہتمام ایم اے فائنل ایئر کے طلباء و طالبات کے پراجیکٹس کی نمائش منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ عامر مسعود خان تھے جبکہ ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لاء پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز محسود اورڈائریکٹر تعلقات عامہ و پبلیکیشنزڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے خصوصی طور پر نمائش کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تدریس کے ساتھ عملی کام طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوتا ہے اور ابلاغیات ایک عملی فیلڈ ہے اس لئے ایسی نمائش قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ عامر مسعود خان نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا اور پراجیکٹس کو طلبہ کی حقیقی صلاحیتوں کا عکاس قرار دیا۔

(جاری ہے)

نمائش میں یونیورسٹی اساتذہ، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا جب کہ معززین شہر اور والدین نے نمائش کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔

نمائش میں کنٹونمنٹ بورڈ سرگودہا، پاکستان ایئرفورس، پولیس کے تشخص کی بحالی، یونیورسٹی میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سنٹر، ہماری ثقافت، ہنڈی کرافٹ سلانوالی، سرگودہا کا سٹرس کے حوالے سے تشہیر ی اور تعلقات عامہ پر مبنی پراجیکٹس شامل تھے۔ نمائش کا باقاعدہ افتتاح ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لاء پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز محسود نے شعبہ ابلاغیات کے تمام فیکلٹی ممبران کی موجودگی میں کیا۔

اس موقع پر طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ وہ پروفیسرڈاکٹر محمد نوازمحسود اور ڈاکٹر مدثر حسین شاہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں یہ پلیٹ فارم مہیا کیا تاکہ ہم عملی طور پر کام کو سیکھ سکیں۔ نمائش صبح 9بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی۔نمائش کے شرکاء کی ریفریشمنٹ کے لئے فریش جوسز کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔نمائش کے انعقاد میں کنٹونمنٹ بورڈ سرگودہا،کنو گرورز ایسوسی ایشن، سٹرو پاک اور کلک اینڈ ایٹ کا خصوصی تعاون بھی شامل تھا۔