لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم اوورسیز طلباء کی فیسوں میں کیا گیا اضافہ معطل کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا.

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 19 مئی 2016 14:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی.درخواست گزار طالبہ عکس کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے طبی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم مقامی طلبا کی فیسیں نہیں بڑھائی گئیں مگر اوورسیز طالبعلموں کی فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا یے جو واضح طور پر امتیازی سلوک کے مترادف ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہمان طالبعلموں کی فیسوں میں کیا جانے والا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں گے جس سے ان کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے.انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مقامی اور غیر ملکی طالبعلموں کی فیسوں کے درمیان پائے جانے والی تفریق کو ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے.جس پر عدالت نے میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم اوورسیز طلباء کی فیسوں میں کیا گیا اضافہ معطل کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے پندرہ یوم میں جواب طلب کر لیا.