کمارسنگاکارا سچن ٹنڈولکر کے مقابلے میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بلے باز قرار

جمعرات 19 مئی 2016 12:27

کمارسنگاکارا سچن ٹنڈولکر کے مقابلے میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے بہترین ..

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مئی۔2016ء) کرکٹ کے مداحوں نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمارسنگاکارا کو سچن ٹنڈولکر کے مقابلے میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بہترین بلے باز قرار دے دیا۔کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ نے ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کا انتخاب مداحوں کے آن لائن ووٹوں کے ذریعے کیا، یہ مقابلہ 40 دن جاری رہا۔ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کے فائنل میں کمارسنگاکارا اور ہندوستان کے سابق بلے باز سچن ٹنڈولکر کے درمیان تھا جہاں سر لنکن عظیم کھلاڑی فاتح قرار پائے۔

40 دن جاری رہنے والے مقابلے کے لیے پاکستان کے سابق کپتان عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، سعید انور، انضمام الحق، ثقلین مشتاق اور شاہد آفریدی سمیت دیگر ممالک کے 64 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سنگاکارا نے پہلے مرحلے میں ہندوستان کے مہندراسنگھ دھونی، دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ اور تیسرے مرحلے میں اے بی ڈی ولیئرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ آسٹریلیا کے شین وارن تھا۔

سیمی فائنل میں انھوں نے پاکستان کے عمران خان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔عمران خان اور وقار یونس کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل تھے جہاں عمران کو زیادہ ووٹ ملے۔سنگاکارا نے 404 ون ڈے میچوں میں 25 سنچریوں کی مدد سے 14 ہزار 234 رنز بنائے۔دوسری جانب سچن ٹنڈولکر نے پہلے مرحلے میں روہت شرما، دوسرے مرحلے میں پاکستان کے سعید انور اور پھر آسٹریلیا کے مائیکل بیون سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

سچن ٹنڈولکر کو کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز ویون رچرڈز کے ساتھ سخت مقابلہ درپیش تھا، سیمی فائنل میں انھوں نے سری لنکا کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا کو پیچھے چھوڑا تاہم فائنل میں سنگاکارا سے آگے بڑھ نہیں پائے۔سچن ٹنڈولکر نے 463 ون ڈے میچ کھیلے جس میں انھوں نے 96 نصف سنچریوں اور 49 سنچریوں کی مدد سے 18 ہزار 426 رنز بنائے۔

متعلقہ عنوان :