ریویو اولمپکس 2016ء : مختلف کھیلوں میں 31 کھلاڑیوں پر پابندی لگنے کا امکان

جمعرات 19 مئی 2016 12:26

ریویو اولمپکس 2016ء : مختلف کھیلوں میں 31 کھلاڑیوں پر پابندی لگنے کا امکان

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مئی۔2016ء) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ رواں برس برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس میں چھ مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے 31 کھلاڑیوں پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔یہ اعلان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے سنہ 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں لیے گئے پیشاب کے 454 نمونوں کے دوبارہ تجزیوں کے بعد کیا گیا ہے۔

آئی او سی کا کہنا ہے کہ ان نمونوں کا دوبارہ تجزیہ جدید ترین سائنسی طریقوں سے کیا گیا ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لندن میں 2012 میں ہونے والے کھیلوں میں حاصل کیے گئے 250 نمونوں کے دوبارہ تجزیے کی رپورٹ کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔آئی او سی کے صدر تھامس باخ نے کہا ’یہ اقدام ان کھلاڑیوں کے خلاف ہیں جو جیتنے کے لیے بے ایمانی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ظاہر کرتا ہے کہ ڈوپنگ کرنے والے کھلاڑی چھپ نہیں سکتے۔ ہم یہ نمونے دس سال کے لیے رکھتے ہیں تاکہ بے ایمان کھلاڑی سکھ کا سانس نہ لے سکیں۔‘انھوں نے مزید کہا ’ریو گیمز میں حصہ لینے سے اتنی زیادہ تعداد میں کھلاڑیوں کو روکنے کا مقصد اس عزم کو دہرانا ہے کہ ہم اولمپک گیمز کے وقار کو بحال رکھنا چاہتے ہیں۔‘آئی او سی کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کے نمونوں کا دوبارہ تجزیہ کیا جا رہا ہے جو ریو گیمز میں حصہ لے سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے متاثر ہونے والی 12 اولمپک ایسوسی ایشنز کو آئندہ چند روز میں مطلع کر دیا جائے گا۔تاہم آئی او سی کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک ان کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کرے گی جب تک کہ بی سیمپل کا تجزیہ نہیں ہو جاتا اور کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر مطلع نہیں کر دیا جاتا۔آئی او سی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سوچی میں منعقد ہونے والے 2014 کی موسم سرما کے کھیلوں میں حاصل کیے گئے سیمپل کا بھی دوبارہ تجزیہ کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ پچھلے ہفتے الزام عائد کیا گیا تھا کہ سوچی گیمز میں روسی خفیہ سروس نے ڈوپ ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی مدد کی تھی تاہم روس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

متعلقہ عنوان :