ملک بھر میں شدید گرمی، لاڑکانہ کا درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

بدھ 18 مئی 2016 20:20

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) رواں موسم گرما کے دوران بدھ اب تک کا گرم ترین دن رہا، ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ دادو، موہنجوداڑو، سبی،سکھر، پڈعیدن، جیکب آباد51 ، رحیم یار خان50 ، روہڑی، تربت، حیدر آباد، مٹھی، خانپور، بھکر 49، نورپورتھل، کوٹ ادو، بہاولنگر اور شہید بینظیرآباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین مقامات رہے۔

اس دوران وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گرڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درجہ حرارت اوسطً 4 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا جس کے باعث برف اور گلیشرز تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے۔

سمندری ہواؤں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ نہیں ہو گا۔کراچی میں دن کا درجہ حرارت (معمول کے مطابق) 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہیگا، سمندر سے مسلسل ہوائیں متغیر رفتار اور آرام دہ نمی کے ساتھ چلتی رہیں گی۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہیگا۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اورخشک رہا۔