حکومت اور اپوزیشن پانامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کی تیاری کیلئے 12رکنی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے پر متفق

6ارکان حکومتی بنچوں اور6 اپوزیشن سے ہوں گے، (کل) قومی اسمبلی سے منظوری لی جائے گی، اس کے بعد کمیٹی جلد اپنا کام مکمل کرے گی،وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی میڈیا کو بریفنگ پارلیمانی کمیٹی کے طے کردہ طریقہ کار کے تحت کمیشن وجود میں آئے گا، شاہ محمود قریشی

بدھ 18 مئی 2016 20:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) حکومت اور اپوزیشن نے پانامہ لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کی تیاری کیلئے اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل 12رکنی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا جس میں 6ارکان حکومتی بنچوں اور6ارکان اپوزیشن سے ہوں گے، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ٹی او آرز کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی پر اتفاق ہو گیا ہے،(کل) جمعرات کو قومی اسمبلی سے اس کی منظوری لی جائے گی، منظوری کے بعد کمیٹی جلد اپنا کام مکمل کرے گی۔

وہ بدھ کویہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعدہونے والے فیصلوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی تھی، جس پر اسپیکر کی زیر صدارت اجلاس میں اپوزیشن ارکان بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 12ارکان پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا ہے جس میں 6ارکان حکومتی بنچوں اور6ارکان اپوزیشن سے ہوں گے اور (کل) ایوان میں تحریک کے ذریعے کمیٹی کی منظوری لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں سے مشاورت کے بعد نام پیش کرے گی اور پارلیمانی کمیٹی دو ہفتوں میں اپنی تجاویز ایوان میں پیش کرے گی۔ پرویز رشید نے کہا کہ پانامہ دستاویزات، آف شور کمپنیوں اور قرض معافی کے حوالے سے کمیٹی تجاویز دے گی، لوگوں کی بچتوں کے پیسے کھانے والے اور قرض خوروں کا معاملہ بھی کمیٹی میں آئے گا اور طریقہ کار سے متعلق فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد ٹی او آرز طے کرنے کیلئے کمیٹی قائم ہو جائے گی، پارلیمانی کمیٹی کے طے کردہ طریقہ کار کے تحت کمیشن وجود میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے وضاحت دی ہے کہ وہ متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، شیخ آفتاب، زاہد حامد، محمود خان اچکزئی، غلام احمد بلور اور طارق اﷲ شریک ہوئے۔ اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل اور پانامہ لیکس کیلئے ضابطہ کار پر مذاکرات کئے گئے