ہماری سیکورٹی فورسز ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں ،پوری قوم کو اس پر فخرہے،اقبال ظفرجھگڑا

پاک فوج ودیگرسیکورٹی فورسز کیساتھ فرنٹیئرکانسٹبلری کی دہشت گردی کے خاتمے ، امن کے قیام کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں،گورنر خیبرپختونخوا کا ایف سی کی ٹریننگ سنٹر پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب سے خطاب

بدھ 18 مئی 2016 19:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے دہشت گردی اورسماج دشمن عناصرکے خلاف فرنٹیئرکانسٹبلری کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جس جذبے اور یقین کے ساتھ ہماری سیکورٹی فورسز اس ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں پوری قوم کو اس پر فخرہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی دفاع اور فرائض کی انجام دہی میں سیکورٹی فورسز کے افسران وجوانوں نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج اوردیگرسیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ فرنٹیئرکانسٹبلری کی دہشت گردی کے خاتمے اورامن کے قیام کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ پوری قوم فرنٹیئرکانسٹبلری کے جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز فرنٹیئرکانسٹبلری کے ٹریننگ سنٹر شبقدر میں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی خان سمیت فرنٹیئر کانسٹبلری کے دیگر متعلقہ حکام بھی موجودتھے۔گورنر نے اس موقع پر فرنٹیئرکانسٹبلری کی ویلفیئر کیلے 10 لاکھ اور جوانوں کی تربیت کیلیے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیااور ریکروٹس میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔امسال 1975 ریکروٹس نے پاس آؤٹ کیا۔ اس موقع پرگورنرنے پاس اؤٹ ہونیوالے فرنٹیئر کانسٹبلری کے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں جذبہ ایمانی اور حوصلے اورولولے سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرناہے۔

گورنرنے یقین دلایا کہ ایف سی افسران وجوانوں کے مسائل ومشکلات حل کرنے کیلئے وہ متعلقہ اداروں اور وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔ گورنرنے فرنٹیئرکانسٹبلری کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک افواج، سیکورٹی فورسز اور فرنٹیئرکانسٹبلری کی لازوال قربانیوں کی بدولت خطے میں امن لوٹ آیا ہے اور ہماری فورسز جس جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ملک دشمن عناصرکے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں پوری قوم کو اس پر فخرہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکورٹی فورسز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

جن افسران اورجوانوں نے فرائض کی انجام دہی میں شہادت حاصل کی وہ خراج عقیدت کے مستحق ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگانہیں جائیں گی اور انشاء اﷲ بہت جلد پوری قوم کی دعاؤں اور سیکورٹی فورسز کے تعاون سے ہمارا ملک امن وامان کاگہوارہ ہوگا۔ قبل ازیں ایف سی ٹریننگ سنٹر پہنچنے پر کمانڈنٹ فرنٹیئرکانسٹبلری لیاقت علی خان اوردیگر افسران نے گورنرکا خیرمقدم کیا۔

گورنرنے اس موقع پر پریڈکا معائنہ کیا جبکہ ایف سی کے چاک وچوبند دستے نے گورنر کو سلامی بھی پیش کی۔ بعدازاں گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا مردان گئے جہاں انہوں نے پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ملک کے 37 ویں سویٹ ہوم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ بھی موجود تھے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ موجودہ حکومت وزیراعظم محمدنوازشریف کی سربراہی میں ملک سے غربت کے خاتمے اور اسے ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ملک کے پسے ہوئے اور غریب طبقے کی مشکلات کو دورکرنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور پاکستان بیت المال، وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام، پرائم منسٹریوتھ پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ جیسے فلاحی اداروں کا قیام اس کا جیتاجاگتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سویٹ ہوم کے قیام کامقصد غریب اورنادار بچوں کی اچھی پرورش اورتربیت کرناہے تاکہ ان بچوں کو دہشت گردی کی لعنت سے روک کر بہترتعلیم کے زیور سے آراستہ کیاجائے اور یہ بھی مفید شہری بن کر ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس موقع یقین دلایا کہ پاکستان بیت المال کیلئے سالانہ بجٹ میں اضافے کیلئے بھی بھرپور کوشش کریں گے۔ گورنر خیبر پختونخوا انجنئیر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے وژن کی روشنی میں ملک سے غربت کے خاتمے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔

اس حوالے سے پاکستان بیت المال کی خدمات لائق تحسین ہیں جس کے قائم کردہ 37 سویٹ ہومز میں چار ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم وتربیت کاکا م تسلی بخش انداز سے جاری ہے ۔ انجنئیر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز موجودہ حکومت کا ایک منفر د منصوبہ ہے ؂جس سے بے سہارا یتیم بچوں کو ملک کے بہترین اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے مواقع بھی حاصل ہوں گے اور یہ بچے دہشت گردوں یا دیگر سماج دشمن عناصر کے ہاتھوں میں جانے کی بجائے ملک کے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوں گے ۔

انہوں نے پاکستان بیت المال کے ایم ڈی بیرسٹر عابد وحید شیخ کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے سویٹ ہوم مردان کے لیے10 لاکھ روپے کے گرانٹ کا بھی اعلان کیا اور سویٹ ہوم مردان کے بچوں کو گورنر ہاؤس کے سیر کی دعوت بھی دی ۔