صوبائی وزیر تعلیم سے پنجاب ٹیچرز یونین کے عہدیدران کی ملاقات

سرکاری سکولز کی پیف کو حوالگی،اَپ گریڈیشن میں تاخیر،سکولز کی سنٹر آف ایکسیلنس میں تبدیلی اور دانش اتھارٹی کو حوالگی جیسے مسائل جلد حل کیے جائیں۔اساتذہ کے مطالبات۔۔ اساتذہ کے مطالبات مان لئے گئے ہیں،اساتذہ کیلئے بلا سود قرضے کی فراہم کیلئے فاؤنڈیشن قائم کررہے ہیں۔ وزیرتعلیم رانا مشہود کی اساتذہ کو یقین دہانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 18 مئی 2016 17:25

صوبائی وزیر تعلیم سے پنجاب ٹیچرز یونین کے عہدیدران کی ملاقات

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18مئی۔2016ء) :صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان سے پنجاب ٹیچرز یونین کے عہدیدران نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں ملاقات کی۔جس میں اساتذہ نے صوبائی وزیرتعلیم کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سکولز کی پیف کو حوالگی،اَپ گریڈیشن میں تاخیر،سکولز کی سنٹر آف ایکسیلنس میں تبدیلی اور دانش اتھارٹی کو حوالگی،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام،ایل این ڈی ،پی ای سی اور بورڈز کے رزلٹ پر سزائیں دینے جیسے مسائل جلد حل کیے جائیں۔

پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمینے مزید کہا کہ اساتذہ و طلباء کی فیصد حاضری ماہانہ بنیاد پر شمار کی جائے۔میونسپل ٹیچرز و ہیڈٹیچرز کی 2001ء سے التواء سنیارٹی /پروموشن /ٹیچر پیکج کا اجراء کیا جائے،بناؤلنٹ فنڈ سے تعلیمی وظائف /گرانٹس دوگنا جبکہ ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس سے میچورٹی کلیم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

سید سجاد اکبر کاظمی کی قیادت میں چوہدری سرفراز ، جام صادق ، رانا لیاقت ، ساجد چشتی ، رانا الطاف ، راؤ اسلام، راؤ شمشاد ، مہر اشرف ، نثار سلیمی، عبدالرزاق جوئیہ ، امام دین ، رانا فاروق، آصف گوندل، امتیاز طاہر ،عبدالقیوم راہی ، فقیر حسین ، میاں امجد ، الله رکھا، مسز انجم ، اقبال بریار، چوہدری محمد علی، رانا خالد، مرزا طارق،امتیاز شاہین ، طاہراسلام، حافظ نذیر گجر، مہر مختار،مرزا اخترعلی بیگ، طارق زیدی شوکت علی اعوان ، صفدر کالرو،علی اصغر ، ایوب سیال و دیگر نے صوبائی وزیرتعلیم کو 15مئی 2016ء کو محکمہ تعلیم سکولز پنجاب اور پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے بھی آگاہ کیا ۔

محکمہ تعلیم سکولز پنجاب کی موجودہ صورت حال اور اساتذہ میں پیدا شدہ بے چینی و اضطراب کی طرف توجہ دلائی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے یقین دلایا کے اساتذہ سے کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں اور اب اس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ وہ اساتذہ کے لئے بناء سود کے قرضے فراہم کرنے کے لئے فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لا رہے ہیں اور اساتذہ ہی اصل میں اس قوم کے معمار ہیں سو ان کو معاشرے میں عزت دلانا گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا ہم سید سجاد اکبر کاظمی کو پنجاب ٹیچرز یونین کا صدر تسلیم کرتے ہیں اور وہ ہی اساتذہ کے حقیقی نمائندہ جماعت کے صدر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ہر ماہ سید سجاد اکبر کاظمی مرکزی صدر پنجاب ٹیچرز یونین و دیگر عہدیداران کے ساتھ میٹنگ ہوا کرے گی اور تعلیم کے مسائل ڈسکس کئے جایا کریں گے کیونکہ یہ لوگ ہی اصل مسائل کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔