پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر، سیکرٹری کی قومی کھلاڑی شاہ حسین شاہ کو اولمپک گیمز کیلئے نامزدگی پر مبارکباد

بدھ 18 مئی 2016 13:17

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) رانا شجاعت علی، سیکرٹری مسعود احمد خان اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران نے انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن ( آئی جے ایف) کی جانب سے قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ کو کانٹیننٹل کوٹہ کے تحت برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز کیلئے نامزدگی پر انہیں مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کی جانب سے شاہ حسین شاہ کو برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز کیلئے کانٹیننٹل کوٹے کے تحت نامزدگی پر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ ہم شاہ حسین شاہ سمیت ان کے والد کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اولمپمک کوالیفکیشن راؤنڈ میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور وزارت بین الاصوبائی رابطہ کا بھر پور کردار رہا ہے جس پر بھی فیڈریشن انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی جے ایف نے قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ کو اولمپک گیمز میں کوالیفائی نہ کرنے کے بعد کانٹیننٹل کوٹہ کے تحت انہیں اولمپک گیمز کیلئے نامز د کیا ہے اور اس کا حتمی فیصلہ 30مئی کو کیا جائیگا۔