ملکی کرکٹ کی تنزلی کی وجہ سٹارز کی کمی ، بہتری کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ مضبوط کرنا ہوگی : شاہد آفریدی

بدھ 18 مئی 2016 11:55

ملکی کرکٹ کی تنزلی کی وجہ سٹارز کی کمی ، بہتری کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ مضبوط ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18مئی ۔2016ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان، وسیم اکرم اور وقاریونس کے دور میں ہماری ٹیم میں 16 سٹار ہوتے تھے لیکن اب محض 1 یا 2 سٹار ہوتے ہیں جس کے باعث ٹیم کی کارکردگی لوگوں کی توقعات کو پورا نہیں کررہی ۔ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر صرف باتیں اور کرکٹرز کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں ، کرکٹ بورڈ میں بڑے بڑے ناموں نے 8 ،10 لاکھ تنخواہیں لینے کےباوجود کچھ بھی نہیں کیا ، جب انہیں نوکری مل جاتی ہے تو خاموش ہوجاتے ہیں اور نوکری ختم ہو تو چینلز پر بیٹھ کر فضول باتیں کرتے ہیں ۔

آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم عمران خان، وسیم اکرم اور وقاریونس کے دور والی ٹیم نہیں ہے کیوں کہ اس وقت ٹیم میں 15 ، 16 سٹار ہوتے تھے ، موجود ٹیم ایک آدھ سٹار کیساتھ وہ نتائج حاصل نہیں کر سکتی ، ہماری سکول اور کالج کرکٹ ختم ہوگئی جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ بھی خراب ہے ، پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا بہت مشکل ہوتا تھا تاہم اب ہر گلی محلے میں ایک آدھ فرسٹ کلاس کرکٹر مل جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی کرکٹ اسی صورت میں بہتر ہو سکتی ہے جب ڈومیسٹک کرکٹ کا باقاعدہ نظام بنا کر اسے چلنے دیا جائے اور سکولوں، کالجوں میں کرکٹ کو فروغ دیا جائے ، ہمیں سٹارز کو عزت دینا ہوگی کیوں کہ پھر ہر ماں اپنے بیٹے کو کرکٹر بنانا چاہے گی ۔

متعلقہ عنوان :