کرپشن وطن عزیز کاسب سے بڑامسئلہ ہے ،اس کے سدباب کے بغیر کوئی ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوسکتا، احتساب بلاامتیاز سب کاہونا چاہئے، سیاسی مسائل کاحل پارلیمنٹ میں بیٹھ کرآئینی حدودمیں رہتے ہوئے تلاش کرناچاہیے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولاناعبدالغفور حیدری کاجے یوآئی اسلام آباد کے مجلس عمومی وعاملہ سے خطاب

منگل 17 مئی 2016 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ وجمعیت علماء اسلام کے مرکزی راہنماء مولاناعبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ کرپشن وطن عزیز کاسب سے بڑامسئلہ ہے اسکے سدباب کے بغیر کوئی ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوسکتا، احتساب بلاامتیاز سب کاہونا چاہئے، سیاسی مسائل کاحل پارلیمنٹ میں بیٹھ کرآئینی حدودمیں رہتے ہوئے تلاش کرناچاہیے، اتفاق رائے سے جوڈیشل کمیشن قائم ہوا اپوزیشن کوبھی اس پر آناچاہیے ماضی میں وکی لیکس سمیت مختلف لیکس منظر عام پر آئیں جنکاکچھ نہیں ہواپانامالیکس بھی اسی طرح ختم ہوجائے گی ان تمام لیکس میں مدارس کے فضل اور جے یوآئی کے کسی ایک رکن پارلیمنٹ کانام بھی نہیں آیاالزامات کی سیاست سے ملک کو نقصان اورعالمی سطح پرپاکستان کی جگ ہنسائی بھی ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز جامعہ عثمانیہ ایف الیون مرکز اسلام آباد میں جے یوآئی اسلام آباد کے مجلس عمومی وعاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس کاایجنڈاجمعیت علماء اسلام کی صدسالہ یوم تاسیس کے موقع پر پشاور میں تین روزعالمی اجتماع کی تیاریوں پرمشتمل تھااجلاس میں شیخ الحدیث مولاناعبدالرؤف،مفتی محمدعبداﷲ ،شیخ الحدیث مولاناتاج محمدخان ،ارشد عباسی،مولانامحمدنذیر فاروقی ،مولانالیاقت ترابی ،مولاناخلیق الرحمن چشتی ،مولاناعبدالحلیم قاسمی،قاری احسان اﷲ ہزاروی مولاناحبیب الرحمن ،مفتی منظورالحق ،مولاناحمداﷲ ،مولاناحکیم محمدیعقوب،مولانا عتیق الرحمن سمیت درجنوں اراکین عاملہ نے شرکت کی مولاناعبدالغفورحیدری نے کہاکہ مسلم دنیامیں جوحکمران مسلمانوں کے سوچ وفکر رکھتے ہیں انھیں عالمی ایجنڈاکی راہ میں رکاوٹ سمجھ کر یاانکی حکومتوں کوخاتمہ کردیاجاتاہے یاان حکمرانوں کوتختہ دار پر لٹکادیاجاتاہے بنگلہ دیشی حکومت مذہبی راہنماؤں کوپھانسی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اجلاس کے آخر میں جے یوآئی کے راہنماؤں قاری سہیل عباسی کی اہلیہ اور ماموں ،اقبال اعوان اور قاضی سمیع اﷲ کے بیٹوں،اورمفتی فضل اﷲ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی