تمام دینی جماعتوں نے کرپشن کے خاتمہ اور منظم بنیادوں پر نظریاتی ، معاشی اور انتخابی کرپشن کے خلاف متفقہ جدوجہد کااعلان کر دیاہے،حکومت تقریریں ، وضاحتیں چھوڑے ، اپوزیشن سے سنجیدہ مذاکرات کرے ،متفقہ ٹی او آرز اور ضروری قانون سازی کی جائے تاکہ بلاامتیاز تحقیقات و احتساب ہو

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کابیان

منگل 17 مئی 2016 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تمام دینی جماعتوں نے کرپشن کے خاتمہ اور منظم بنیادوں پر نظریاتی ، معاشی اور انتخابی کرپشن کے خلاف متفقہ جدوجہد کااعلان کر دیاہے ، وزیراعظم نے دو مرتبہ قوم سے خطاب کیا اور پارلیمنٹ میں خطاب سے بھی پانامہ لیکس کا مسئلہ حل نہیں ہوا ، حکومت تقریریں ، وضاحتیں چھوڑے ، اپوزیشن سے سنجیدہ مذاکرات کرے ،متفقہ ٹی او آرز اور ضروری قانون سازی کی جائے تاکہ بلاامتیاز تحقیقات و احتساب ہو ۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ تمام دینی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلامی قوانین کی حفاظت اور نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے عوام سے وسیع پیمانے پر رابطہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اسٹیرنگ کمیٹی راولپنڈی میں کامیاب نظام مصطفےٰؐ قومی کانفرنس کے انعقاد کے بعد پشاور میں قومی کانفرنس کے انعقاد کی تفصیلات کا اعلان کرے گی ۔ لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ ناصر عباس جعفری کے اسلام آباد میں احتجاجی بھوک ہڑتال کی جانب متوجہ ہو ۔

مطالبات حقائق پر مبنی ہیں ۔ کراچی ، گلگت ، بلتستان اور فاٹا میں دہشتگردی ، ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے ۔ مسائل حل کیے جائیں ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک فوری طور پر وزراء کا وفد اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے احتجاجی کیمپ میں مذاکرات کے لیے بھجوائیں ۔