پارٹی کی تنظیم نو کے پورے عمل میں اقلیتوں اور خواتین کو بھی شامل رکھا جائے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پی پی سندھ کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران کے اجلاس سے خطاب

منگل 17 مئی 2016 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کی تنظیم نو کے پورے عمل میں اقلیتوں اور خواتین کو بھی شامل رکھا جائے۔ وہ منگل کو بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی سندھ کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم این اے فریال تالپر، پیپلزپارٹی سندھ کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھڑو، مراد علی شاہ، مولا بخش چانڈیو، نفیسہ شاہ اور راشد حسین ربانی اور چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو نے شرکت کی ، کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کمیٹی کی جانب سے صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے 6اضلاع سجاول ، ٹھٹہ، بدین، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد دیہی اور حیدرآباد شہری میں ہونے والے جنرل ورکرز اجلاس پر بریفنگ دی اور کہا کہ جنرل ورکرز اجلاس سے پارٹی کے پرانے کارکنان کا اعتماد اجاگر ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں پارٹی کی جانب کشش پیدا ہوئی ہے، انہوں نے بتایا کہ تمام کارکنان نے چیئرمین کی جانب سے پارٹی کی تنظیم نو کے فیصلے کو بڑے پئمانے پر سراہا اور اس قدم سے پارٹی کے کارکنان اور ہمدردوں میں خوشی اور جذبہ پیدا ہواہے، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی سندھ کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران کی محنت اور کارکنان سے وسیع رابطے کو سرہاتے ہوئے ان پرپر زور دیا کہ پارٹی کی تنظیم نو کے پورے عمل میں اقلیتوں اور خواتین کو بھی شامل رکھا جائے،تاکہ پارٹی کے تمام کارکنان اس عمل کا حصہ بن سکیں۔