پاک ایران برادر ہمسایہ ممالک کے تجارت سے وابستہ افراد کو ریلوے نظام سے فائدہ لینے کیلئے آگے آنا ہوگا ،سیدمصطفی داؤدی

منگل 17 مئی 2016 22:34

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء ) ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایسٹ ریلویز زاہدان سیدمصطفی داؤدی نے کہاہے کہ پاک ایران برادر ہمسایہ ممالک کے تجارت سے وابستہ افراد کو ریلوے نظام سے فائدہ لینے کیلئے آگے آنا ہوگا انہیں کرایوں میں 35سے 45فیصد تک رعایت دی جائیگی،ایران میں 10ہزار کلو میٹر نئی ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے جس سے پاکستان اورخاص کر بلوچستان کے تجارت سے وابستہ افراد کو وسطی ایشیائی ریاستوں چاہ بہار،آذربائیجان اورعراق تک رسائی میں آسانی ہوگی ،ایران پاکستانی تجارت سے وابستہ افراد کو مصنوعات کی محفوظ سپلائی کوممکن بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کوتیار ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے کوئٹہ چیمبرآف کامرس کے دورے کے موقع پر ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر جمال ترہ کئی کے زیر قیادت منعقدہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر آغامصطفی داؤدی کے ہمراہ ایران کے محکمہ ریلوے کے حکام سمیت ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے بلوچستان محمدحنیف گل سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیمبرآف کامرس کے صدر جمال ترہ کئی کاکہناتھاکہ ریل گاڑی سفر اور مال کو فوری اور سستا پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے یہ تجارت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے اسی لئے تو چیمبر نے ریلوے حکام کیساتھ مل کر کوئٹہ سے زاہدان تک ریلوے کی بحالی کیلئے بھرپورکوششیں کی جوبہت حد تک کامیاب رہی ہے اس وقت بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سلسلے میں مزید کام کیاجائے تاکہ تجارت سے وابستہ افراد کو درآمدات وبرآمدات میں مشکلات کاسامنا نہ کرنا پڑے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایسٹ ریلویز زاہدان آغا مصطفی داؤدی کاکہناتھاکہ حکومت ایران نے ریلوے نظام پر توجہ مرکوز رکھی ہے جس کاواضح مثال ملک بھر میں 10ہزار کلومیٹر نئے ریلوے لائن بچھانے کامنصوبہ ہے جس کے ذریعے پاکستان اور ایران جیسے ہمسایہ ممالک کے تجارت سے وابستہ افراد کو زبردست فائدہ ملے گانہ صرف پاکستان بلکہ خاص کر بلوچستان کے تجارت سے وابستہ افراد کو ایران کے ریلوے نظام سے مستفید ہوتے ہوئے وسطی ایشیائی ریاستوں چاہ بہادر ،عراق ،آذربائیجان سمیت یورپ تک رسائی میں آسانی ہوگی انہوں نے کہاکہ ہم کرایوں میں 35سے 45فیصد تک رعایت دے رہے ہیں ،تاجر ریلوے نظام سے مستفید ہوکر اپنی مصنوعات کو جلد اورمحفوظ طریقے سے منزل مقصود تک پہنچانے سے مستفید ہو انہوں نے کہاکہ ہم شکر گزار ہے کہ چیمبرآف کامرس کوئٹہ بلوچستان نے ہمیں پرجوش انداز سے ویلکم کیا اور ہمیں توجہ سے سنا ہم یہاں کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمدحنیف گل کے بھی شکرگزار ہے جوہمارے ساتھ ریلوے نظام کوبحال کرنے کی بھرپورکوششیں کررہے ہیں۔

اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمدحنیف گل کاکہناتھاکہ تفتان سے زاہدان تک براڈریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کی فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہوچکی ہے یہاں سے تفتان تک ریل گاڑی 40کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جس کے ذریعے ملا 2سوا دو دن میں ایران تک پہنچادیاجاتاہے ،انہوں نے کہاکہ یہاں سے مال گاڑیوں کا چلنا شروع ہوا تو حکومت نے بھی ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات شروع کئے میری درخواست ہے کہ لوگ چھوٹے مسائل کی بجائے دیگر کی طرف متوجہ ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ میری سیاسی جماعتوں کی قائدین اوردیگر سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کو کوئٹہ سے تفتان تک ریلوے لائن پر خر چہ کرنے کیلئے آمادہ کریں ،جب سیاسی قوتیں،عوام اورتاجربرادری ایک پیج پرہونگی تو کام ضرور ہوگا انہوں نے کہاکہ ہم ریلوے لائن کی مقامی سطح پر مرمت کوبھی جاری رکھے ہوئے ہیں جب مال گاڑی کی رفتار70سے 80کلو میٹر تک فی گھنٹہ ہوگی تو یہ انتہائی بہتر ہوگا ۔

اس موقع پر چیمبرآف کامرس کے اراکین محمدایوب،سید عبدالرحمن آغا،حاجی سرور مینگل ودیگر نے ایرانی حکام کواپنی مشکلات سے آگاہ کیااورامید ظاہر کی کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات کریں گے ،تقریب کے اختتام پر چیمبرآف کامرس کوئٹہ بلوچستان کے صدر جمال ترہ کئی نے ایرانی ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایسٹ ریلویز کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :