کراچی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،فریال تالپور

کراچی سے گندگی کا خاتمہ ہو،ایڈ منسٹریٹر کی تعیناتی سے تعلق ہے نہ میں کسی قسم کی تقرریاں کرتی ہوں،میڈیا سے بات چیت میڈیاسے بدتمیزی پر معذرت چاہتا ہوں،بدتمیزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے،وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال

منگل 17 مئی 2016 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپورنے کہاہے کہ کراچی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔منگل کوانہوں نے سندھ کے وزیربلدیات جام خان شورو اور وزیرداخلہ سہیل انور سیال کے ہمراہ سوک سینٹر کا دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے افسران سے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

فریال تالپورکو بلدیہ عظمی کے ایڈمنسٹریٹرلئیق احمد نے مسائل کے حوالے بریفنگ دی ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں تسلیم کرتی ہوں کراچی میں کچرہ موجود ہے،کراچی میں جون جولائی میں پانی کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے خصوصی گرانٹ پر غور کررہے ہیں، مسائل حل کرانے سوک سینٹر آئی ہوں۔

(جاری ہے)

فریال تالپورنے کہاکہ کراچی کی شہری ہوں اسی شہرمیں رہتی ہوں ، کراچی میں پانی کی قلت دور کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ چاہتی ہوں کہ کراچی سے گندگی کا خاتمہ ہو،ایڈ منسٹریٹر کی تعیناتی سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے اور میں کسی قسم کی تقرریاں نہیں کرتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ کراچی کو مکمل طور پراون کرتی ہوں۔ اس موقع پر وزیربلدیات سندھ جام خان شورونے کہا کہ کراچی کے لیے ترقیاتی پیکیج کے علاوہ 10 ارب کا پیکیج دے رہے ہیں، اسٹار گیٹ پر انڈرپاس بنایا جارہا ہے، کے فور منصوبے کی منظوری دے دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کے معاملے پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے بات ہوئی ہے ، وفاق نے زیادتی کی پیسے نہیں دیئے جارہے، گولیمار انڈرپاس تین ماہ میں مکمل ہوجائے گا ، کراچی کے لیے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے۔۔اس موقع پروزیر داخلہ سہیل انور سیال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میڈیاسے بدتمیزی پر معذرت چاہتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹرمحمدلئیق نے کہاکہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے فوری گرانٹ درکار ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں گندگی کی ابتر صورتحال ہے۔اس موقع پر انہوں نے فریال تالپوراور صوبائی وزراء کو ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹس سیز کرنے اور مالی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔