پشاور،شعبہ تعلیم میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی عمل کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں، مشتاق احمد غنی

منگل 17 مئی 2016 21:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ اعلیٰ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کے شعبہ تعلیم میں اٹھائے جانے والے اصلاحاتی عمل کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔ماضی میں استاد بچوں کی حاضری چیک کرتا تھا آج ہم بائیو میٹرک اور مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے استاد کی حاضری چیک کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کو یہ اعزز حاصل ہے کہ پہلی بار ایک خودمختار اور ملک کے بہترین ماہرین تعلیم پر مشتمل اکیڈیمک سرچ کمیٹی کے ذریعے صوبہ کی اعلیٰ جامعات میں بغیر کسی سیاسی دباؤ کے وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل مکمل کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز ملک کے ایک بڑے میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایجوکیشن ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ایجوکیشن ایکسپو میں صوبہ کی تمام اعلیٰ جامعات کی جانب سے 37کے قریب اسٹالز لگائے گئے تھے جن میں سٹوڈنٹس کو مختلف ڈگری پروگراموں میں داخلہ لینے کے لئے رہنمائی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ڈگری پروگرامز کی اہمیت و افادیت سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں۔

اس موقع پر معاون خصوصی اطلاعات نے مختلف جامعات کی جانب سے لگائے جانے والے اسٹالز کا معائنہ کیا اور یونیورسٹیز میں جاری مختلف ڈگری پروگرامز سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف جامعات کے تحقیقی کام کو سراہتے ہوئے انہیں اپنا کام مارکیٹ میں لانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو یونیورسٹیز میں ریسرچ اور فنی تحقیق سے متعلق آگاہی حاصل ہو سکے جس سے طلباء کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ان کی معاشی حالت بھی بہتر ہو سکتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ ایک ہی پلیٹ فارم پر تعلیم کے فروغ ، مختلف یونیورسٹیز کی کارکردگی اور ڈگری پروگرامز سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لئے ایسی شاندار تقریبات کا انعقاد قابل تعریف ہے۔ملک بھر میں باالخصوص خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ میں ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد پر انہیں دلی مسرت ہوئی ہے کیوں کہ اس تقریب میں ہمارے صوبے کے بچوں اور بچیوں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام یونیورسٹیوں سے متعلق ان کی رہنمائی کی گئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت پارٹی چئیرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق انسانی وسائل پر توجہ دے رہی ہے اور ہمارا میگا پراجیکٹ شعبہ تعلیم ہے جس پر ہم نے بر سر اقتدار آتے ہی ایمرجنسی نافذ کی اور اﷲ کا شکر ہے کہ آج تعلیمی اداروں کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہو گئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر معاون خصوصی اطلاعات نے ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد پر انتظامیہ اراکین میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :