ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے تمام دعوے غلط ثابت ہو گئے، ہارون بشیر بلور

انتظامیہ نے عجلت میں فیصلہ کر کے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے،فارمیسی سے لوگوں کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا ہے، ترجمان اے این پی

منگل 17 مئی 2016 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی ان خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے، اپنے ایک بیان میں ہارون بشیر بلور نے کہا کہ محکمہ صحت زبوں حالی کا شکار ہے اور غریب مریض ہسپتالوں میں رُل رہے ہیں جبکہ ان کا کوئی پُرسان حال نہیں ، انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مفت ادویات کی فراہمی کے تمام دعوے غلط ثابت ہو گئے جس کی وجہ سے کئی غریب مریضوں کو شدید کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے عجلت میں فیصلہ کر کے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے سربراہوں کو ادویات کی فراہمی اور لوکل پرچیز سے متعلق اعتماد میں ہی نہیں لیا گیا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جو ادویات تجویز کرتے ہیں وہ فارمیسی میں موجود ہی نہیں ہوتیں اور نہ ہی انہیں لوکل پرچیز کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں غلط فیصلوں کی وجہ سے مریضوں کے لواحقین اور ڈاکٹروں کے درمیان لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں جو کسی بڑے نقصان کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں، ہارون بشیر بلور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے کے تمام بڑے تردیسی ہسپتالوں کی حالت زار پر توجہ دی جائے اور غریب عوام کو مفت ادویات اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے دانشمندانہ فیصلے کرے ، انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبے کے تدریسی ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کا نام و نشان تک نہیں ۔

متعلقہ عنوان :